رائے دہی کے رجحان پر صدر ٹی آر ایس کا اظہار اطمینان

قائدین کی ایک دوسرے کو مبارکباد کی پیشکشی، تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کا ادعا ، کے چندر شیکھر راؤ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے دعویٰ کیا کہ نئی ریاست میں ٹی آر ایس حکومت تشکیل پائے گی کیونکہ تلنگانہ کی رائے دہی میں عوام کا رجحان تلنگانہ پارٹی کے حق میں دیکھا گیا۔ رائے دہی کے اختتام کے بعد ٹی آر ایس کے قائدین نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی اور تشکیل حکومت کا دعویٰ کیا ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے رائے دہی کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا اور پارٹی امیدواروں ، قائدین اور کارکنوں کی مساعی پر اظہار تشکر کیا۔ پارٹی قائدین سے مشاورت کے دوران چندر شیکھر راؤ نے پیش قیاسی کی کہ تلنگانہ کی 119 نشستوں کی منجملہ 90 سے زائد نشستوں پر ٹی آر ایس کامیابی حاصل کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ضلع میں ٹی آر ایس کے حق میں لہر دیکھی گئی اور عوام نے مخالف تلنگانہ جماعتوں اور امیدواروں کو مسترد کردیا ہے۔

چندر شیکھر راؤ نے آج اپنی شریک حیات کے ساتھ ضلع میدک کے سدی پیٹ منڈل کے موضع چنتا مڈاکا پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ رائے دہی سے استفادہ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی حکومت یقینی ہے اور اسے اسمبلی کی 90 سے زائد نشستیں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ 14 برسوں کی طویل جدوجہد کے بعد ٹی آر ایس نے تلنگانہ حاصل کیا ہے اور عوام کو اس کا شدت سے احساس ہے۔ سینکڑوں نوجوانوں نے تلنگانہ کیلئے اپنی جانیں قربان کی اور رائے دہی کے ذریعہ عوام نے انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ٹی آر ایس کے سربراہ نے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی بہرصورت تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنہری تلنگانہ کی تشکیل اور وعدوں کی تکمیل کیلئے ٹی آر ایس کا برسر اقتدار آنا ضروری ہے ۔ عوام کانگریس اور تلگو دیشم کی حکومتوں کو آزماچکے ہیں۔ لہذا وہ ان پارٹیوں کو دوبارہ موقع نہیں دیں گے۔ اسی دوران ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے بھی تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے اقتدار کو یقینی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام 10 اضلاع میں رائے دہندوں نے ٹی آر ایس امیدواروں کے حق میں ووٹ کا استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف ٹی آر ایس جماعتوں نے جس طرح مہم چلائی اس کا جواب عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات اور اقلیتوں کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس نے جو وعدے کئے ہیں، ان پر عمل کیا جائے گا۔