دیوالی کے موقع پر صرف دو گھنٹے آتشبازی کی اجازت

آواز اور دھویں کے پٹاخوں پر سپریم کورٹ کی پابندی

نئی دہلی 23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ماحولیات دوست ’سبز دیوالی‘ کی سمت ایک اہم پیشرفت کے طور پر آج آتشبازی پر انتہائی سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا جن میں پٹاخے پھوڑنے کی حدت صرف دو گھنٹے مقرر کرتے ہوئے کہاکہ 8 تا 10 بجے شب آتشبازی کی جائے۔ علاوہ ازیں پٹاخوں کی تیاری اور فروخت صرف اُن تجارتی اداروں تک محدود کردی گئی جو دھویں اور آواز کی مقررہ سطحوں کی پابندی کریں گے۔ جسٹس اے کے سیکری اور جسٹس اشوک بھوشن نے فلپ کارڈ اور امیزان جیسی ای کامرس ویب سائٹرس کو بھی اجازت یافتہ حدود سے زائد سطح پر دھواں اور آواز پیدا کرنے والے پٹاخے فروخت کرنے سے روک دیا۔ عدالت عظمیٰ نے کہاکہ آواز اور دھویں کی قابل اجازت حدود کو پٹرولیم اور دھماکو مواد کے تحفظ سے متعلق ادارہ (پبیو) کی طرف سے منظوری دی جائے کہ ایک درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ فضائی آلودگی پر کنٹرول کے لئے ملک بھر میں پٹاخوں کی تیاری اور فروخت پر امتناع عائد کیا جائے۔ تاہم عدالت عظمیٰ نے امتناع کے بجائے ماحولیات دوست ’سبز پٹاخوں‘ کے استعمال نہ صرف دیوالی بلکہ دیگر تہواروں کے موقع پر بھی آتشبازی کی مدت کو صرف دو گھنٹے تک محدود کرنے کا حکم دیا۔ بنچ نے کہاکہ اجازت کے مطابق آواز کو محدود رکھنے والے پٹاخے ہی بازار میں فروخت کئے جاسکتے ہیں۔ عدالتی احکام کی پابندی نہ کرنے والی ای کامرس ویب سائٹس تحقیر عدالت کی مرتکب ہوں گی۔ کرسمس اور سال نو کے موقع پر نصف گھنٹے تک آتشبازی کی اجازت دی گئی ہے۔