دہلی سکریٹریٹ میں ایک شخص نے کجریوال پر مرچ پاؤڈر پھینک دیا

جیل سے واپسی کے بعد گولی مار دینے حملہ آور کی دھمکی، عام آدمی پارٹی کا بی جے پی پر الزام

نئی دہلی 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال پر سکریٹریٹ میں آج ایک شخص نے مرچ پاؤڈر پھینک دیا۔ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس کی شناخت انیل کمار کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ یہ حملہ تیسری منزل پر واقع چیف منسٹر کے چیمبرس کے باہر اُس وقت کیا گیا جب وہ (کجریوال) لنچ کے لئے باہر نکل رہے تھے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جارہا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اس حملے کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا۔ عہدیداروں نے کہاکہ انیل کمار نے کجریوال کے چشمہ کو بھی حملہ کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی آنکھوں میں مرچ ڈال دی۔ حملہ میں کجریوال کا چشمہ تو ٹوٹ گیا لیکن آنکھیں محفوظ رہیں۔ انیل کا آدھار کارڈ برآمد ہوا ہے اُس نے تمباکو پیکٹ میں یہ مرچ پاؤڈر سکریٹری لایا تھا۔ کمار نے کجریوال پر مرچ پاؤڈر پھینکنے کے بعد دھمکی دی کہ جیل سے واپس آنے کے بعد اُنھیں (کجریوال کو) گولی مار دے گا۔ عام آدمی پارٹی کے ترجمان سوربھ بھردواج نے اس حملہ کیلئے بی جے پی کو مورد الزام ٹھہرایا۔
اس پارٹی کی دہلی یونٹ کے لیڈر منوج تیواری نے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بھردواج نے کہاکہ یہ حملہ چیف منسٹر کے دفتر کے باہر ہوا جو سخت ترین سکیورٹی زون میں واقع ہے۔ یہ ایک سنگین واقعہ ہے۔ اُنھوں نے اس واقعہ کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا۔ عام آدمی پارٹی نے الزام عائد کیاکہ رواں ماہ سگنیچر بریج کی افتتاحی تقریب میں تیواری نے کجریوال پر پانی کی بوتلیں پھینکا تھا۔