دہلی ، یو پی ، مغربی بنگال اور آندھراپردیش میں گرد و غبار کا طوفان، 40 ہلاک

۔70 طیاروں کا رخ تبدیل کردیا گیا ، کئی پروازیں منسوخ ، راجستھان کے کئی علاقے بھی متاثر ، تلنگانہ میں بجلی گرنے سے 3 کسان جھلس کر فوت

نئی دہلی ۔ /13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی کئی ریاستوں میں آج آندھی ، طوفان اور گرد و غبار کی وجہ سے 40 اموات ہوئی ہیں ۔ اترپردیش ، آندھراپردیش ، مغربی بنگال اور دہلی میں تیز بارش ، ژالہ باری کے بعد عام زندگی متاثر ہوئی ۔ آندھراپردیش میں 9 افراد ہلاک ہوئے جن میں سریکاکولم اور کڑپہ میں بجلی گرنے سے یہ اموات ہوئی ہیں ۔جبکہ وشاکھاپٹنم اور مغربی گوداوری میں بھی طوفانی بارش ہوئی۔ مغربی بنگال میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ مغربی بنگال کے مختلف اضلاع میں شدید طوفانی بارش اور بجلی گرنے کے بعد کم از کم 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ۔ سب سے زیادہ اموات ضلع ہوڑہ میں ہوئی ہیں ۔ ضلع مرشد آباد میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ ضلع ہوڑا کے بوردنگا علاقے میں 8 تا 12 سال کی عمر کے 4 بچے عام کے باغ میں موجود تھے کہ طوفانی بارش اور بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی حکومت متوفی افراد کے ارکان خاندان کی مدد کرے گی ۔ جن کے مکانات اور فصلیں تباہ ہوئی ہیں انہیں امداد دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات پر ہمارا کوئی قابو نہیں ہے اور ہم مرنے والوں کو واپس نہیں لاسکتے لیکن حکومت ان متاثرین کی مدد کرے گی ۔ کل پنچایت انتخابات کے پیش نظر ضابطہ اخلاق کا اطلاق عمل میں آیا ہے لہذا حکومت کی جانب سے کسی قسم کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ اترپردیش میں بھی تیز آندھی اور ژالہ باری سے 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ دیگر 37 افراد زخمی بتائے گئے ہیں ۔ دارالحکومت دہلی میں 4 اور غازی آباد میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ 70 طیاروں کا رخ تبدیل کردیا گیا ہے ۔ کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں ہیں ۔ دارالحکومت دہلی میں گردوغبار کے طوفان کے ساتھ 109 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد کا طوفان اٹھا ہے ۔ اس کی وجہ سے طیاروں کی پروازیں ، ریل اور میٹرو سرویس متاثر رہی ۔ دہلی میں کئی درخت اکھڑ گئے ۔ دیواریں گرنے سے کئی افراد زخمی ہوئے ۔ تلنگانہ کے علاقہ منچریال میں بجلی گرنے سے 3 کسان جھلس کر فوت ہوگئے ۔