دہشت گردی کی ملزمہ سادھوی پرگیہ کو جھٹکا ، گواہوں کی تفصیلات دینے سے عدالت کا انکار 

ممبئی : مالیگاؤں ۲۰۰۸ء میں ہوئے بم دھماکو ں کے کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ ٹھاکور و دیگر بھگوا ملزمین کی جانب سے سرکاری گواہوں کی تفصیلات طلب کرنے والی عرضداشت کی قومی تفتیش ایجنسی این آئی اے نے شدید مخالفت کی ۔عدالت میں دو صفحات پر مشتمل تحریری جواب داخل کرتے ہو ئے کہا کہ گواہوں کے ناموں کو قانون کے تحت او ران کی حفاظت کے مد نظر مخفی رکھا گیا ہے ۔

نیز گواہی دینے سے قبل ان کی تفصیلات ملزمین کوبتادی جائے گی ۔ لیکن ابھی جب کہ گواہوں کو گواہی کیلئے طلب کیا جانا باقی ہے ۔ گواہوں کی تفصیلات ملزمین کو نہیں بتائی گئی ۔بتایا جاتا ہے کہ کرنل پروہت او رسدھاکر دویدی نے متاثرین کی فہرست پر اعتراض کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے متاثرین کی فہرست ابھی تک مہیا نہیں کروائی ہے ۔یہ بھی کہا جاتا ہے کہ دوسرے تمام ملزمان نے کیس سے منسلک تمام ثبوتوں اورگواہوں کے کورٹ میں پیش دستاویزات کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ۔

قومی تفتیشی ایجنسی کے خصوصی سرکاری وکیل اویناش رسال نے خصوصی این آئی اے جج ونود کوبتایا کہ ملزمین کے خلاف فرد جرم داخل کرنے کے بعد انہیں این آئی اے قانون کی دفعہ ۱۷ ،یو پی اے قانون کے دفعہ ۴۴؍ اور مکوکا قانون کی دفعہ ۱۹؍ کے تحت گواہوں کے نام مخفی رکھتے ہوئے ان کے بیانات ملزمین کود ئے گئے تھے ۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمین کی درخواست کو مسترد کردینا چاہئے کیونکہ گواہوں کے نام ظاہر کرنے سے مقدمہ پر اثر پڑ سکتا ہے ۔

فریقین کی عرضداشت کو سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے عدالت نے فریقین سے اس معاملہ پر بحث کرنے کیلئے ۱۹؍ نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ دوران کارروائی عدالت میں متاثرین کی نمائندگی کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند مہاراشٹرا رشد مدنی کے وکلا ء ایڈوکیٹ شاہد ندیم ، ایڈوکیٹ ابھیشک و دیگر موجود تھے ۔