دہشت گردوں کے حملہ میں 18 شامی فوجی ہلاک

امریکی فضائی حملہ میں 17بچے اور 12خواتین سمیت 40ہلاک
دمشق ۔18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شام کے صوبہ لاتکیا میں دہشت گردوں نے شامی فوج پر بمباری کرکے 18 فوجیوں کو مار گرایا اور ایک کو زخمی کر دیا۔ شام میں روسی کوارڈینیشن سینٹر نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔سینٹر کے سربراہ لیفٹیننٹ ولادیمیر سووینچکو و کے مطابق ادلب جنگ کی کمی والے زون میں غیر قانونی فوجی جنگ بندی کی خلاف ورزی بھی جاری ہے ۔مسٹر سوین چکو و نے کہا”صوبہ لاتکیا کے مذکورہ علاقہ میں گولاباری سے شامی فوج کے 18 جوان ہلاک ہوئے ہی۔ صوبہ الیپو کے تالالش میں گولاباری سے ایک فوجی زخمی ہوا ہے ”۔انہوں نے کہا کہ روس نے انسانی امداد پہنچاتے ہوئے صوبہ دیرالزور کے سلھیاد میں 450 فوڈ سیٹ تقسیم کیا ہے ۔اس ضلع میں کئی ٹن روٹی پہنچائی گئی ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی شام میں عسکریت پسندوں کے زیر تسلط علاقوں پر امریکی فضائیہ نے بمباری کی جس کے نتیجے میں 17 بچے، 12 خواتین سمیت 40 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔شامی حالات کے مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے فضائی حملے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مبینہ امریکی فضائی حملہ مشرقی شامی صوبے دیرالزور کے نواحی گاؤں حجین پر کیا گیا۔اس علاقہ میں امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز اور داعش جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں عام ہیں، زمینی جھڑپوں میں ناکامی کے بعد امریکا نے فضائی حملہ کر کے اپنا بدلہ چکایا تاہم ہلاک ہونے والوں کے عسکریت پسند ہونے کے شواہد نہیں ملے۔واضح رہے کہ شام کی اتحادی افواج اور امریکی حمایت یافتہ عسکری گروہ کی کارروائیوں کے باوجود مشرقی شام کے صوبہ دیر الزور پر تاحال داعش کا قبضہ ہے جسے واگزار کروانے کے لیے بشار الاسد کی حکومت نے حتمی کارروائی کا فیصلہ کر رکھا ہے۔