دھوپ کی تپش کے ساتھ پانی کا مسئلہ سنگین

کوہیر میںباؤلیاں اور بورویلس ، ندی نالے خشک، تشویشناک صورتحال سے عوام پریشان
کوہیر۔/29 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل اور اس کے اطراف و اکناف کے مواضعات میں موسم گرما بام عروج پر ہے ۔ دن بہ دن دھوپ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جنگلوں میں چرند پرند تیز دھوپ کی وجہ سے پریشان حال ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 42 تا45 ڈگری ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ ندی، نالے اور تالاب خشک ہوگئے ہیں۔ بڑے بزرگوں نے بتایا کہ اس طرح کی دھوپ اور گرما گزشتہ 50 سال قبل دیکھا گیا تھا جو اب دیکھا جارہا ہے، لوگ گرمی کی وجہ سے بے حال ہیں۔ اس پر ستم ظریفی یہ ہے کہ پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے بورویلس خشک ہوچکے ہیں اور باؤلیوں میں پانی ختم ہوچکا ہے ۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیدارامسٹر سوجن کمار نے بتایا کہ آئے دن سطح آب میں کمی ہوتی جارہی ہے۔ مشن بھگیرتا کا پانی چند ایک مقامات پر سپلائی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوہیر کے لئے یومیہ 35 ٹینکر پانی سپلائی کیا جارہا ہے اس میں مزید اضافہ کیلئے تیقن دیا ہے کیونکہ رمضان کی عید قریب آرہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دو کلو میٹر کی دوری سے پانی سپلائی کیا جارہا ہے جہاں پر بھی پانی نہ ہو وہاں پر پانی سپلائی کیا جائے گا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ۔