دھون ،چہل اور کیدار پر رانجی ٹرافی میں شرکت پر پابندی

نئی دہلی ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اگلے سال ہونے والا آئی سی سی ورلڈ کپ میں ابھی بھی سات ماہ کا وقت باقی ہے لیکن ہندوستانی ٹیم اتنی محتاط ہے کہ ان کھلاڑیوں کے رانجی کھیلنے پر پابندی لگا دی گئی ہے جن کا ورلڈ کپ ٹیم میں انتخاب ممکن ہے۔ تفصیلات کے مطابق شکھر دھون ، کیدار جادھو اور یجویندر چہل جیسے کھلاڑی اب رانجی ٹرافی کے اس سیزن میں کھیلتے نظر نہیں آئیں گے۔ در اصل ٹیم انتظامیہ نہیں چاہتا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے جو بنیادی ٹیم تیار کی گئی ہے اس کے کسی بھی کھلاڑی کی فٹنیس کے ساتھ کوئی مسئلہ درپیش ہو جائے لہٰذا ٹیم کے ٹرینر شنکر بسو اور ٹرینر پیٹرک فرہارٹ نے اس ممکنہ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے پروگرام تیارکیا ہے جس کے تحت ان کھلاڑیوں کے کام کے بوجھ پر پوری نظر رکھی جائے گی۔ ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ ان کھلاڑیوں کے رانجی ٹرافی کھیلنے پر پوری طرح سے پابندی لگا دی گئی ہو لیکن کسی بھی رانجی ٹرافی میچ کو کھیلنے کیلئے انہیں ٹیم انتظامیہ سے اجازت لینی ہوگی۔ کیدارکا جلدی جلدی زخمی ہونا ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے ۔