دھنش بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

بالاسور (اڈیشہ)۔ 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے اپنے نیوکلیئر صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائل دھنش کا اڈیشہ کے ساحل سے آج کامیاب تجربہ کیا۔ سمندری جہاز سے داغا گیا یہ بیلسٹک میزائل 350 کیلومیٹر دور تک اپنے ہدف پر وار کرسکتا ہے۔ دفاع کے عہدیداروں نے کہا کہ زمین کی سطح سے سطح پر وار کرنے والا یہ میزائل جو دیسی ٹیکنالوجی سے تیارشدہ پرتھوی میزائل کی بحری شکل ہے، خلیج بنگال میں پیرادیپ کے قریب تعین سمندری جہاز سے دن کے 10 بجکر 52 منٹ پر چھوڑ گیا۔ ’دھنش‘ میزائل 500 کیلووزنی پے لوڈ لیجانے کا متحمل ہے اور وہ زمین و سمندری دونوں ہی اہداف پر وار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دفاعی فورسس کے حکمت عملی فورسس کمانڈ (ایس ایف سی) نے یہ تجربہ کیا ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ میزائل تجربہ دراصل ہندوستانی بحریہ کے ایس ایف سی کی تربیتی مشقوں کا ایک حصہ تھا۔ عہدیداروں نے اس تجربہ کو مکمل طور پر کامیاب قرار دیا اور کہا کہ تجربہ کے دوران میزائل داغنے کے تمام مقاصد کامیابی کے ساتھ پورے ہوئے۔