دپیکا کے سر پر انعام کے اعلان پر بی جے پی لیڈر کو نوٹس

چندی گڑھ 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ بی جے پی نے آج اپنے چیف میڈیا کوآرڈی نیٹر سورج پال امو کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے اُن کے مبینہ ریمارکس کے بارے میں وضاحت طلب کی ہے، جس میں بالی ووڈ ڈائرکٹر سنجے لیلا بھنسالی اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کا سر قلم کرنے پر 10 کروڑ روپئے کے انعام کی پیشکش کی گئی ہے۔ چند روز قبل میرٹھ کے ایک نوجوان کی جانب سے 5 کروڑ کے اعلان کے بعد سورج پال نے بتایا گیا کہ گزشتہ روز نئی دہلی میں ایک ایونٹ کے دوران اِس پیشکش کو دوگنا کرنے سے متعلق ریمارکس کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم اُن دونوں کا سر قلم کردینے والوں کو 10 کروڑ روپئے کا اعلان دیں گے اور اُن کے خاندان کی ضروریات پوری کرنے کا ذمہ بھی لیں گے۔ ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ راجپوت کمیونٹی کی توہین کرنے والوں کے ساتھ کیسا برتاؤ کیا جائے۔ ہریانہ بی جے پی نے فوری طور پر خود کو سورج پال کے ریمارکس سے لاتعلق کرتے ہوئے کہاکہ یہ باتیں اُنھوں نے شخصی حیثیت سے کئے ہیں۔