دو معصوم بچوں کے قتل کے بعد باپ کی خودکشی

ضلع نظام آباد کے ورنی منڈل میں بہیمانہ واقعہ پر سنسنی

نظام آباد ۔ 29 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایک بے رحم باپ نے اپنے دو معصوم بچوں کا بہیمانہ قتل کرتے ہوئے خود بھی خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ ضلع نظام آباد کے ورنی منڈل کے پگڑے پلی میں پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب ورنی منڈل کے پگڑے پلی کے ایم راملو اپنے دو سالہ چرن ، 6سالہ دختر شرنیا کو کلہاڑی کے ذریعہ قتل کردیااورخود بھی اپنے مکان میں ہی پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پڑوسی گھر کے سارے دروازہ بند رہنے پر چھت پر سے دیکھا تو راملو کی نعش لٹک رہی تھی اس وقت دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو دو بچے خون میں لت پت تھے جس پر فوری پولیس کو اطلاع دی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ راملو گذشتہ ایک ہفتہ سے پاگل جیسی حرکتیں کررہا تھا اور بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے کی کوشش کرنے پر بیوی سجاتا مائیکے چلی گئی تھی آج صبح ہی واپس گھر آئی تھی دونوں لڑکا اور لڑکی کو گھر پر چھوڑ کر زرعی کام کو گئی ہوئی تھی ۔ واضح رہے کہ راملو ایک ماہ قبل ہی اپنے دونوں بھائی سائیلو اور سرینواس سے جھگڑا کیا تھا اور پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی درج کروائی تھی اور اس کے بعد سے ہی اس کا دماغی توازن خراب ہوگیا تھا اور بے رحمی کے ساتھ اپنے دونوں بچوں کا قتل کرتے ہوئے خود بھی پھانسی لے لی اس واقعہ کے بعد اس علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اطلاع کے ملتے ہی ورنی پولیس یہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور اس کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ اے سی پی بودھن موہن ، رودرور سرکل انسپکٹر شیکھر ریڈی نے بھی مقام حادثہ کا معائنہ کیا ۔ سرکل انسپکٹر شیکھر ریڈی نے بتایا کہ پولیس اس خصوص میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ مقتول کی بیوی نے بتایا کہ دونوں بھائیوں سے جھگڑے کے بعد دماغی توازن خراب ہوگیا تھا اور سہما ہوا تھا جس کے نتیجہ میں انتہائی اقدام کرتے ہوئے دونوں بچوں کا بہیمانہ قتل کردیا۔ قتل سے قبل فون پر ٹی وی کا سائونڈ بڑھا دیا تاکہ کسی کو چیخ و پکار سنائی نہ دے ۔