دورہ امراوتی کے بعد کے سی آر کا رویہ تبدیل: کانگریس

حیدرآباد۔/28اکٹوبر، ( این ایس ایس ) کانگریس لیڈر مسٹر پی سدھاکر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کے 22اکٹوبر کو منعقدہ آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی کی سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کے بعد رویہ میں اچانک تبدیلی آئی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مرکز میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت میں ٹی آر ایس شامل ہوتی ہے تو کسی کو بھی اپنی بھنوئیں چڑھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کے سی آر کو ڈر ہے کہ کہیں وہ پولاورم کا مسئلہ اٹھائیں تو وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کے علاوہ آندھرا پردیش چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو ناراض ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ آندھراپردیش کے دارالحکومت کے سنگ بنیاد تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ دیگر مرکزی قائدین اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے شرکت کی تھی ۔