دلت نوجوان سے اسلام قبول کرنے کے نام پر مارپیٹ

؂شاملی : شاملی ضلع میں اسلام قبول کرنے والے ایک دلت نوجوان کو بجرنگ دل سے تعلق رکھنے والے شر پسندوں نے نہ صرف زد وکوب کیا بلکہ اسے ’’ گھر واپسی ‘‘ کے لئے بھی مجبور کیا ۔واضح رہے کہ پیشہ سے ویلڈر پون کمار نام کے ایک دلت نوجوان کو اس کے گھر پر شر پسندوں کے ذریعہ تھپڑ مارنے او رزد وکوب کرنے کا ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پون کمار ایک مشتعل بھیڑ کے سامنے کھڑا ہے جب کہ ایک شخص اس کے سر سے ٹوپی ہٹارہا ہے۔پولیس نے کہا کہ تشدد کے اس واقعہ کے بعد پون کمار نے شکایت درج کرانے سے انکار کردیا حالانکہ اس سلسلہ میں پولیس نے اس سے رابطہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پون کمار نے تین ہفتے قبل ہی اسلام قبول کیا تھا جس کے بعد اس نے ٹوپی کا استعمال اور داڑھی رکھنا شروع کردی ۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے پون کمار نے کہا کہ ’’ میں نے اسلام کے بارے میں انٹر نیٹ پر بہت کچھ پڑھا تھا کسی نے مجھے مذہب اسلام قبول کرنے کا کوئی لالچ نہیں دیا بلکہ میں نے خود اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا۔او رمیں مسلمان ہی رہنا چاہتا ہوں۔

لیکن دائیں بازو کے انتہا پسندوں نے میری پٹائی کردی او رمیری داڑھی مونڈدی۔‘‘پون کمار کو چار بہنیں ہیں جو سب کے سب شادی شدہ ہیں۔

شاملی کے ایڈیشنل ایس پی شلوک کمار نے کہا کہ ’’ہمیں میڈیا کے ذریعہ اس بات کی اطلاع ملی ہے کہ پون کمار کو چند دائیں بازو کے انتہا پسندوں نے زد و کوب کیا ۔ہم نے پون سے رابطہ کیا لیکن اس نے ان لوگوں کے لئے کسی بھی طرح کی قانونی کارروائی کرنے سے انکار کردیا۔‘‘