دلت لڑکے نے خودکشی کی تھی چیف منسٹر ہریانہ کا ادعا

چنڈی گڑھ ،23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھتر نے آج دعویٰ کیا کہ 15 سالہ دلت لڑکے نے خودکشی کی تھی۔ اس لڑکے کی کل سونی پت میں موت ہوئی ہے۔ انھوں نے متوفی لڑکے کے ارکان خاندان کو معاوضہ دینے کے علاوہ خاندان کے ایک رکن کو سرکاری ملازمت دینے کا وعدہ کیا۔ انھوں نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ہی اس موت کی حقیقت پر روشنی ڈال سکتی ہے۔ 15 سالہ دلت لڑکے کے والدین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے اس لڑکے کو بری طرح زد و کوب کیا اور وہ پولیس تحویل میں ہی فوت ہو گیا۔ کبوتر کے سرقہ کے الزام میں اسے گرفتار کیا گیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت خاطیوں کو ہرگز نہیں بخشے گی، جو کوئی ذمہ دار ہوگا، اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ ان کی حکومت کو اس واقعہ کیلئے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں فرید آباد میں دو دلت بچوں کو زندہ جلادینے کے واقعہ کے بعد حکومت ہریانہ کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے۔