دسہرہ کے موقع پر تشدد، ایم پی ٹاؤن میں کرفیو

کھرگون (مدھیہ پردیش) ، 23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دو فرقوں کے ارکان کے درمیان مدھیہ پردیش (ایم پی) کے کھرگون ٹاؤن میں دسہرہ کے موقع پر جھڑپیں شروع ہوگئیں جس کی وجہ سے پولیس کو فسادیوں پر لاٹھی چارج کرنا پڑا اور آنسو گیس بھی استعمال کی گئی تاکہ صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔ بعد ازاں غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ کردیا گیا۔ چار افراد زخمی ہوئے اور تقریباً 100 افراد کو تشدد میں ملوث ہونے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ۔ یہ واقعہ کل رات پیش آیا جبکہ ایک مخصوص فرقہ کے افراد کثیر تعداد میں دسہرہ تقاریب میں شرکت کے بعد اپنے گھر واپس ہورہے تھے۔ مبینہ طورپر اچانک دوسرے فرقہ کے افراد نے ان پر بعض مقامات پر سنگباری کی جو تقریباً بیک وقت کی گئی۔ اس کے بعد دونوں فرقوں کے افراد میں دوبدو جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ تشدد پھیلنے پر ضلع کلکٹر نیرج دوبے نے کل رات دیر گئے غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ کردیا۔صیانتی فورسس کی مزید جمیعت پڑوسی ضلع سے طلب کر کے شہر میں تعینات کردی گئی تاکہ صورتحال پر قابو پایا جاسکے ۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ تشدد میں ملوث افراد کی شناخت کی جاسکے۔ ایک مہم ان کی گرفتاری کیلئے شروع کی گئی ہے۔ زخمیوں کو دواخانے میں شریک کیا گیا ۔ کلکٹر نے کہا کہ تلاشی مہم کے دوران پتھروں ، تلواروں اور پٹرول بمبوں کا ذخیرہ متاثرہ علاقہ کے کئی افراد کی قیامگاہوں سے ضبط کیا گیا۔