درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 15 نومبر تک توسیع

پوسٹ میٹرک اسکالرشپس
درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 15 نومبر تک توسیع
’ سیاست ‘ کی توجہ دہانی پر ڈپٹی چیف منسٹر کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 15دن کی توسیع کی گئی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی ہدایت پر محکمہ اقلیتی بہبود نے پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی مہلت 15نومبر مقرر کی ہے۔ اس توسیع سے اقلیتی طلباء کو راحت ملی کیونکہ گزشتہ دنوں تقریباً 10دن سے زائد تک تعطیلات تھیں اور طلباء درکار سرٹیفکیٹس حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ کئی دن سے اسکالر شپ کی ویب سائٹ غیر کارکرد تھی اور طلباء کو درخواست فارم داخل کرنے میں دشواریوں کا سامنا تھا ۔ اس سلسلہ میں ’’ سیاست ‘‘ کی توجہ دہانی پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ نے اقلیتی طلباء سے اپیل کی کہ وہ اس مہلت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی درخواستیں داخل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومت کی اسکالر شپ کیلئے تلنگانہ میں درخواستوں کے ادخال کا رجحان حوصلہ افزاء ہے۔ جاریہ سال ابھی تک مقررہ نشانہ سے کہیں زیادہ درخواستیں داخل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کی زائد درخواستوں کی صورت میں حکومت سے مزید بجٹ کیلئے نمائندگی کی جائے گی۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن درخواستوں کی جانچ اور منظوری کے عمل میں شفافیت کو برقرار رکھے گا۔