خوفناک طوفان ’گجا‘ سے ٹاملناڈو میں 20 افراد فوت، بڑے پیمانے پر نقصانات

نشیبی علاقوں سے 80,000 افراد کا تخلیہ، سینکڑوں برقی کھمبے اور گھنے درخت جڑ سے اکھڑ گئے، 20 کیلومیٹر فی گھنٹہ تیز ہوائیں ساحل اضلاع میں بارش

ناگاپٹنم / چینائی۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) خوفناک طوفان ’’گجا‘‘ جمعہ کی صبح ناگاپٹنم اور ویداراٹم کے درمیان ٹاملناڈو کے ساحل کو عبور کرگیا جس کے نتیجہ میں کم سے کم 20 افراد ہلاک اور سینکڑوں بے گھر ہوئے ہیں۔ نشیبی علاقوں سے زائد از 80,000 افراد کا تخلیہ کردیا گیا۔ طوفان بادوباراں کے اثر سے ساحلی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ اضلاع ناگاپٹنم اور کرائیکل میں آندھی و طوفان کے نتیجہ میں سینکڑوں برقی کھمبے اور گھنے درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ آندھی و طوفان کے آغاز کے ساتھ ہی ٹاملناڈو میں بشمول کوڈالور، ناگاپٹنم تھونڈی اور پامبن کے علاوہ کرائیکل اور پڈوچیری میں 3 تا 8 سنٹی میٹر کے درمیان بارش ریکارڈ کی گئی۔ چینائی میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ جمعہ کو صبح 5:30 بجے کوڈالور میں 8 سنٹی میٹر ناگاپٹنم میں 5 سنٹی میٹر اور پڑوسی پڈوچیری و کرائیکل میں فی کس 5 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ٹاملناڈو اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے مطابق نشیبی علاقوں سے تقریباً 81,948 افراد کا تخلیہ کردیا گیا۔ چھ اضلاع کوڈالور، ناگاپٹنم، بوڈو کوٹائی، تھنجاوور، رامنتاپورم اور تھرورور میں واقع ریلیف شلٹرس میں ٹہرایا گیا ہے۔ جمعرات کی شام سے برقی سربراہی معطل ہے۔ اضلاع ناگاپٹنم اور کرائیکل کے اکثر حصوں میں ٹریفک کی آمد ورفت میں خلل رہا۔ ضلع ناگاپٹنم میں تمام تعلیمی اداروں کے لیے تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ بدترین طوفان ’’گجا‘‘ ناگاپٹنم اور ویدارانیم کے درمیان ٹاملناڈو اور پڈوچیری کے ساحلوں کو 100-120 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے عبور کرگیا۔ طوفان کا محور اگرچہ زمین پر مرتکز ہوگیا تھا تاہم اصل زمینی علاقے پر پہونچنے کے لیے دو گھنٹے لگ گئے۔ تازہ ترین بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آدی راماپٹنم میں سب سے زیادہ 117 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی نے سارے علاقہ کو اپنے لپیٹ میں لے لیا۔ ناگاپٹنم میں 100 کیلومٹر فی گھنٹہ، کرائیکل میں 83 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹاملناڈو کے چیف منسٹر کے پلانی سوامی نے سیلم میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راحت و امدادی کام جنگی خطوط پر کئے جائیں گے اور یہ کام پہلے سے جاری ہیں۔
’گجا‘ سے نمٹنے مرکز سے مکمل تعاون کا تیقن
نئی دہلی۔16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے ٹاملناڈو میں تاحال 20 اموات کا سبب بننے والے خوفناک طوفان ’’گجا‘‘ کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے اپنی طرف سے مکمل تعاون کا تیقن دلایا ہے۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے معتمد داخلہ راجیو گاربا کو ٹاملناڈو کی صورتحال کی نگرانی اور دیگر نظم و نسق کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ چیف منسٹر کے پلانی سوامی نے طوفان کی صورتحال کے بارے میں بات چیت ہوئی ہے۔ طوفان سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مرکز کی طرف سے محکمہ مدد کا تیقن دلایا گیا ہے۔ معتمد داخلہ سے صورتحال کی نگرانی اور ریاستی انتظامیہ کو ممکنہ مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔