خبیب عبدالمناف کی وطن واپسی ، شاندار استقبال

کیسپیسک (داغستان) ۔ 11اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام ) الٹیمیٹ فائٹنگ چمپیئن شپ (یو ایف سی )کے لائٹ ویٹ اور ناقابل شکست چمپیئن خبیب عبدالمناف نورما کا وطن واپسی پر والہانہ استقبال کیا گیا اور ہزاروں شائقین ان کے استقبال کے لئے جمع تھے۔خبیب نے آئر لینڈ کے فری اسٹائل باکسر کونر میک گریگر کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر بیلٹ جیتنے کے علاوہ ناقابل شکست رہنے کا اعزاز بھی برقرار رکھا ۔ مقابلے کے بعد اس وقت بدمزگی پیدا ہو گئی تھی جب داغستان سے تعلق رکھنے والے مسلمان فری اسٹائل باکسر کو اس کے حریف کے حامیوں نے مذہب ، ملک اور والدین کے حوالے سے بدکلامی کا نشانہ بنایا۔ خبیب نے جنگلہ پھلانگ کر ان پر حملہ کیا جبکہ اس کے ساتھیوں نے رنگ میں موجود کونرپر حملہ کیا۔ یو ایف ایس انتظامیہ نے اس واقعہ کی وجہ سے خبیب کی انعامی رقم روک لی لیکن ان کی بیلٹ بعد ازاں انہیں دے دی گئی۔ اس واقعے کی وجہ سے کونر کو ایک ماہ کیلئے معطل کردیا گیا ہے جبکہ خبیب کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا تاہم ان کی سزا زیادہ ہو سکتی ہے۔ خبیب 2012سے لائٹ ویٹ چمپیئن کا اعزاز برقرار رکھے ہوئے ہیں۔