خانہ پور کے قریبی موضع ترلا پاڈ میں مگرمچھ کا بچہ دستیاب

خانہ پور۔ 29 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خانہ پور منڈل کے قریبی موضع ترلا پاڈ کے کھیتوں میں مگرمچھ کا بچہ نظر آنے پر مقامی افراد و زرعی مزدوروں نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اطلاع دی۔ ڈپٹی رینج آفیسر فاریسٹ راج شیکھر، ایف بی او تروپتی و دیگر عہدیداروں نے مقامی افراد کی مدد سے مگرمچھ کو پکڑ لیا۔ بعدازاں خانہ پور کی گوداوری ندی میں مگرمچھ کو چھوڑ دیا جہاں گوداوری پشکرالو گھاٹ پر پوجا پاٹ کو آنے والے بھکتوں نے خوف ظاہر کیا اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں سے کہا کہ مگرمچھ کو کڑم ڈیم میں بھی چھوڑا جاسکتا تھا یا حلقہ اسمبلی خانہ پور کے جنارم منڈل کے موضع قوال کے وائیلڈ لائف سنکچیوری میں رکھا جاسکتا تھا جہاں ایسے کئی خطرناک جنگلی جانوروں کو رکھا جاتا ہے۔ وہاں وائیلڈ لائف کا بہتر تحفظ اور صحیح نگہداشت بھی ہوتی ہے۔