حیدرآباد میں میٹرو ٹرین کے آغاز پر ٹریفک کا مسئلہ حل ہونا ناممکن

ابتداء تا آخر کنکٹیویٹی کی ضرورت، این وی ایس ایڈ سی ایم ڈی میٹرو
حیدرآباد ۔ 9 جون (سیاست نیوز) منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد حدود میں میٹرو ریل کے آغاز ہونے کے ساتھ ٹریفک کا مسئلہ حل ہوجانا ہرگز ممکن نہیں ہے۔ اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے پہلے میل سے آخری میل تک کنیکٹیویٹی (Connectivity) دینے کی شدید ضرورت ہے۔ مسٹر این ایس ریڈی نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میٹرو ریل کے ساتھ پارکنگ اور بس ٹرانسپورٹ یا کوئی اور نوعیت کے ٹرانسپورٹ سسٹم کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈبلیو آئی اور ٹویوٹا موبیلیٹی فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر ایک نئی سوچ کے ساتھ میٹرو ریل کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل نے بتایا کہ اسٹیشن کے پاس مسافرین کو عصری سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے الیکٹریکل چارجنگ سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر میاں پور میٹرو ٹرین اسٹیشن پر بہت جلد الیکٹریکل چارجنگ سہولتیں (خدمات) دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں میٹرو ریل کے مختلف مقامات پر جاری کاموں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور تمام تعمیری کام مقررہ مدت میں مکمل کرلئے جائیں گے اور کاموں کی تکمیل کے ساتھ ہی ابتداء میں ٹرائیل رن لیا جائے گا اور بعدازاں مکمل تشفی بخش رپورٹس کی وصولی کے ساتھ ہی ان کی تکمیل پائی ریلوے لائن پر ٹرینس شروع کردی جائیں گے۔