حیدرآباد میں آج ہند۔ونڈیز دوسرے ٹسٹ کا آغاز

حیدرآباد۔11اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کیخلاف اپنی ٹسٹ تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرنے کے بعد نمبر ایک ہندوستانی ٹیم کل یہاں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میں بھی فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز پر 2-0کی کلین سویپ کی خواہاں ہے۔ راج کوٹ ٹسٹ کی اپنی بارہ رکنی ٹیم کو بغیر کسی تبدیلی کے دوسرے میچ میں بھی اتارنے کا اعلان کیا۔ ویراٹ کوہلی اپنے 42 ویں ٹسٹ میچوں کی کپتانی میں دوسری مرتبہ بغیر کسی تبدیلی کے سابق گیارہ کھلاڑیوں کو ہی برقراررکھیں گے ۔ مینک اگروال کو ایک بار پھر کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے اور ان کے آئندہ آسٹریلیا دورے میں بھی کھیلنے پر اب تذبذب کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے لیکن اس اہم دورے سے قبل ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کے پاس اوپننگ جوڑی اور مڈل آرڈر کو دوبارہ آزمانے کا موقع رہے گا۔ راج کوٹ مقابلے سے ٹسٹ میں قدم رکھنے والے اوپنر پرتھوی شا نے اپنی لاجواب کارکردگی سے سب کو متاثر کیا تھا لیکن ان سے اب اسی کارکردگی کی امید رہے گی جب کہ کوہلی کے اس اس میچ میں پاکستان کے سابق کرکٹر انضمام الحق کے 25 ٹسٹ سنچری کی برابری کرنے کا موقع ہوگا۔ ٹیم میں کئی بیٹسمینوں کی کارکردگی تنقیدوں کے دائرے میں ہے ۔ کوہلی بھی پوری طرح سے فٹ نہیں ہیں لیکن راج کوٹ ٹسٹ میں انہوں نے 139 کی اننگز کھیلی تھی اور سب سے تیز24 ٹسٹ سنچری پورے کرنے والے ڈان بریڈمین کے بعد دوسرے بیٹسمین بن گئے ۔ نائب کپتان اجنکیا راہانے او راوپنر لوکیش راہول کی فارم خراب ہے لیکن جس طرح مینک کو باہر کرکے ان دونوں کو موقع ملا اس کے بعدان پر خود کو ثابت کرنے کا سب سے زیادہ دباو رہے گا۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز پر 2-0 کا خطرہ منڈلارہا ہے۔