حکومت کے مشیر نے اقلیتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا

حج کمیٹی کے ماسوا تمام اداروںکی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت پر زور ۔ متعلقہ عہدیداروں سے تبادلہ خیال
حیدرآباد۔/24جنوری، ( سیاست نیوز) حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں سابق ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے آج حج ہاوز کا دورہ کرتے ہوئے مختلف اقلیتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے حج کمیٹی، اردو اکیڈیمی، وقف بورڈ، اقلیتی فینانس کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ میناریٹیز ویلفیر آفس حیدرآباد کے عہدیداروں اور ملازمین سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے ان کی ذمہ داریوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اے کے خاں نے ان اداروں کے ہر سیکشن کا دورہ کرتے ہوئے کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کے مشیر کی حیثیت سے اقلیتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حج کمیٹی کے ماسوا دیگر اداروں کی کارکردگی میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ اے کے خاں نے وقف بورڈ کے عہدیداروں اور ملازمین کو آگاہ کیا کہ وہ اپنی کارکردگی میں دیانتداری اختیار کریں تاکہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ سے متعلق حکومت کے عہد کی تکمیل ہوسکے۔ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کی ترقی کے ذریعہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے اور یہ رقم مسلمانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے ملازمین سے کہا کہ وہ کسی بھی بے قاعدگی کو برداشت نہیں کریں گے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے انہیں بورڈ کے تمام سیکشنوں کا معائنہ کرایا اور کارکردگی کی تفصیلات بیان کی۔ اسد اللہ نے اوقافی اداروں کے ریکارڈ کے تحفظ کیلئے کئے جارہے اقدامات سے بھی واقف کرایا۔ اردو اکیڈیمی اور حج کمیٹی کے دورہ کے موقع پر ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور موجود تھے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے مختلف شعبہ جات کے معائنہ کے موقع پر اے کے خاں نے مختلف شعبوں میں ملازمین کی کارکردگی کا برسر موقع جائزہ لیا اور اسکیمات پر عمل آوری کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر شفیع اللہ جو اقامتی اسکولس سوسائٹی کے سکریٹری بھی ہیں، وہ دورہ کے موقع پر موجود نہیں رہ سکے۔ اے کے خاں نے حج ہاوز میں عازمین حج کی جانب سے درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے درخواست گذاروں سے ملاقات کی۔ اے کے خاں نے حج 2017 کیلئے درخواست فارم داخل کرنے والے سینکڑوں کی تعداد میں موجود مرد و خواتین کیلئے حج کمیٹی کی جانب سے 25 سے زائد کاؤنٹرس کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا۔ درخواست گذاروں نے بھی اے کے خاں کو بتایا کہ انہیں حج کمیٹی کی جانب سے ہر قدم پر مکمل رہنمائی کی جارہی ہے۔ اے کے خاں نے درخواست گذاروں کو زیراکس اور بلڈ گروپ چیک کرنے کی سہولت مفت فراہم کرنے پر حج کمیٹی کی ستائش کی اور کہا کہ ایک ہی مقام پر درخواست گذار باآسانی تمام اُمور کی تکمیل کرپارہے ہیں۔ انہوں نے مختلف کاؤنٹرس کا معائنہ کرتے ہوئے والینٹرس سے بات چیت کی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے انہیں درخواستوں کی اجرائی، خانہ پُری، جانچ اور دیگر سہولتوں کی تفصیلات سے واقف کرایا اور حج کمیٹی کی جانب سے درخواستوں کو اپ لوڈ کرنے کے سسٹم کا مشاہدہ کرایا۔ اے کے خاں نے درخواست گذاروں سے کہا کہ وہ درخواست کے ادخال کی تاریخ کے آغاز کے ساتھ ہی تمام ضروری اُمور کی تکمیل کرلیں تاکہ آخری دنوں میں ہجوم سے بچ سکیں۔ انہوں نے درخواست گذاروں کو تیقن دیا کہ تلنگانہ حج کمیٹی ہمیشہ کی طرح عازمین حج کی بہتر سے بہتر خدمت کویقینی بنائے گی۔