حکومت پنچایت راج انتخابات ٹالنے کوشاں : اتم کمار

حیدرآباد 12 جولائی ( این ایس ایس ) تلنگانہ پردیش کانگریس صدر این اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت پنچایت راج انتخابات میں تاخیر کیلئے کوشاں ہے کیونکہ اسے شکست کے اندیشے لاحق ہیں۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر پارٹی کارکنوں سے راست تبادلہ خیال میں کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پنچایت راج اداروں کے انتخابات کو ملتوی کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کے عوام کو اجتماعی دھوکہ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی پسماندہ طبقات کیلئے ان کی آبادی کے تناسب سے تحفظات کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ ایسے میں کانگریس پارٹی پنچایت انتخابات میں بی سی طبقات کیلئے 52 فیصد تحفظات کی فراہمی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا 50 فیصد تحفظات کی حد کے خلاف ہائیکورٹ میں جاری مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت ہائیکورٹ حکمنامہ کا بہانہ کرتے ہوئے انتخابات کو ملتوی کرنا چاہتی ہے ۔ اب حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہونا چاہتی ہے تاکہ کچھ راحت مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا موقف اس پر بہت واضح ہے اور وہ بی سی طبقات کو ان کی آبادی کے تناسب سے تحفظات چاہتی ہے ۔