حکومت آندھراپردیش کے مرکزی حکومت پر جھوٹے الزامات

ریاستی عوام کو چندرا بابو کا دھوکہ، جی وی ایل نرسمہاراؤ ایم پی کا بیان
حیدرآباد ۔ 6 جون (سیاست نیوز) سینئر بی جے پی قائد و رکن پارلیمان مسٹر جی وی ایل نرسمہا راؤ نے آندھراپردیش حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ حکومت غیرذمہ دارانہ رویہ اختیار کرکے جھوٹ پر مبنی الزامات عائد کررہی ہے۔ آج وجئے واڑہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر جی وی ایل نرسمہاراؤ نے برہمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ حکومت بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کے خلاف غلط و بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلگودیشم حکومت محض اپنی بقاء کیلئے ہی مرکزی حکومت کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کررہی ہے اور ریاستی عوام کو مسٹر چندرا بابو نائیڈو دھوکہ دے رہے ہیں۔ بی جے پی قائد نے کہا کہ جھوٹ بولنے سے مرکزی حکومت کے ذریعہ فنڈز ہرگز نہیں آئیں گے اور چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ سیاست کو ختم کرکے ریاست کی ترقی پر توجہ دیں۔ مسٹر جی وی ایل نرسمہا راؤ نے مزید کہا کہ ہم پر اگر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کریں گے تو وہ کیچڑ ان ہی پر اچھلے گا۔ چندرا بابو نائیڈو کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو سے جاب تو نہیں آیا لیکن کئی نوعیت کی بیماریاں ضرور آئی ہیں۔ نائب صدرنشین ریاستی منصوبہ بندی کمیشن کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسٹر کوٹومباراؤ، شیر مارکٹ کے ماہر ہیں لیکن مسٹر چندرا بابو نائیڈو انہیں لے آکر منصوبہ بندی کمیشن میں نائب صدرنشین کے عہدے پر فائز کردیا۔