حضور اکرم ؐ کی حیات طیبہ ساری انسانیت کے لیے باعث نجات

عید الفطر کے موقع پر مولانا متین علی شاہ قادری ، حافظ صابر پاشاہ و دیگر علماء کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : عید انعام و اکرام کا دن ہے ۔ عید کے دن اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر بہت مہربان ہوتا ہے ۔ وہ بندے خوش نصیب ہیں جو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مقبول ہے جنہوں نے اپنے معبود حقیقی کی رضا حاصل کرنے کے لیے اس کے احکام کی پابندی کی ۔ حقیقی عید تو ان کی ہے جن سے رب راضی ہوگیا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید متین علی شاہ قادری خطیب و امام عیدگاہ نے کل عیدگاہ قطب شاہی گنبدان قلعہ گولکنڈہ میں عید الفطر کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا متین علی شاہ نے کہا کہ اپنی اولاد کو دینی تعلیم سے واقف کرائیں جو وقت کا تقاضہ ہے اولاد کی مناسب تربیت نہ ہونے کی وجہ سے معاشرہ میں بگاڑ کا سبب بن رہا ہے ۔ اسلامی تعلیمات میں صبر ، شکر اور درگزر کرنے کو بہت اہمیت دی گئی ہے ۔ قرآن مجید کی تعلیمات اور حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ ساری انسانیت کے لیے باعث نجات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید سرچشمہ فیضان و ہدایت ہے اور یہ کلام ہدی اللمتیقن اور ہدی اللناس بھی ہے ۔ نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ پڑھیں اور رمضان المبارک کے بعد بھی عبادت اور خیر خواہی کے سلسلہ کو جاری و ساری رکھیں ۔ آخر میں عالم اسلام بالخصوص شام ، برما ، لیبیا ، فلسطین مسجد اقصیٰ ، یمن اور ملک ہندوستان میں امن سلامتی و خوشحالی اور تمام طبقات میں اتحاد و اتفاق کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔ جناب کوثر محی الدین کی نمائندگی پر مختلف محکمہ جات آبرسانی ، پولیس ، ٹرانسکو و بلدیہ کی جانب سے وسیع و عریض انتظامات عیدگاہ میں کئے گئے ۔ جناب غلام محی الدین خاں پاشاہ نے ابتداء میں تمام مصلیوں کا خیر مقدم کیا اور اتحاد ویکجہتی کی برقراری کی اپیل کی ۔ اس موقع پر شکیل علی خاں ، عامر علی خاں نمائندہ وقف بورڈ فاروق عارفی ، عزیز خاں پٹھان ، ہارون فرحان ، حبیب زین العابدین ، عابد شیخ منور قادری ، الیاس اکبر اور دیگر نے انظامات میں حصہ لیا ۔ آخر میں غلام محی الدین خاں پاشاہ بھائی نے تمام مصلیوں اور تمام محکمہ جات کا شکریہ ادا کیا ۔۔
٭٭ حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے نماز عید سے قبل ایک کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بتلایا کہ رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے مالا مال ہونے اور گناہوں سے پاک ہونے کے بعد ہم دوبارہ گناہوں والی زندگی کی طرف نہ جائیں بلکہ رمضان میں کی گئی تربیت سے استفادہ کریں اور آنے والے گیارہ مہینوں کا ایک لائحہ عمل تیار کریں ۔ مسلمان اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول حضرت محمد ﷺ کی مرضی اور منشاء کے مطابق زندگی بسر کرے ۔ نفسانی خواہشات کو ترک کر کے اپنے آپ کو احکام الہی و شریعت مصطفوی کے تابع کردے اور ہمیشہ موت کو یاد کرتا رہے ۔ اللہ تبارک و تعالی نے عبادت کے بعد عید کا یہ دن خوشیاں منانے کے لیے بنایا ہے ۔ یہ ہمدردی ، روا داری اور یکجہتی کی اقدار کے احیاء کا دن ہے ۔ اللہ تعالیٰ کا بے انتہا شکر و احسان ہے کہ اس نے ہمیں رمضان کی سعادت نصیب فرمائی ۔ اس ماہ مبارک سے استفادہ کا بھر پور موقع عنایت فرمایا ۔ آئیے اس موقع پر عہد کریں کہ اپنی زندگی میں نماز کا خاص اہتمام کریں گے ، قرآن کو اپنا دستور حیات بنائیں گے اس کو پڑھیں گے اور لوگوں کے لیے امن و امان کا ذریعہ بنیں گے ۔۔
٭٭ عیدگاہ درگاہ حضرت سالار اولیاءؒ نیو حفیظ پیٹ سروے نمبر 80 شیر لنگم پلی منڈل ضلع رنگاریڈی میں نماز عید الفطر ادائیگی نماز عید کے جملہ انتظامات جناب سلطان احسن الدولہ کے زیر سرپرستی ادا کئے گئے ۔۔
٭٭ نماز عید الفطر عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ میں یکم شوال کو 10 بجے ادا کی گئی ۔ قاری سید شاہ محمد یوسف مدنی قادری نے امامت و خطابت کے فرائض انجام دئے۔ جلسہ کا آغاز قرات کلام پاک سے ہوا ۔ نعت رسول پڑھی گئی ۔ سید شاہ محمود حسینی قادری الرفاعی المعروف سعادت پیر بغدادی نے فضائل عید الفطر بیان کئے ۔ وقف بورڈ تلنگانہ حکومت کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے ۔ قدیم عیدگاہ مادنا پیٹ میں عامتہ المسلمین کا کثیر اجتماع دیکھا گیا ۔ عالم اسلام کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔ صلوۃ السلام کے ساتھ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا ۔۔
٭٭ ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المومنات نے نماز عیدالفطر کی امامت و خطابت کی اور قبل نماز عیدالفطر جامع مسجد محمدی ساؤتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں منعقدہ مسلمانوں کے کثیراجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر خوشی و مسرت کے اظہار کا دن ہے ۔ اس دن اللہ تعالیٰ اپنی رحمت خاصہ بندوں پر فرماتا ہے ۔ عیدالفطر اتحاد و اتفاق بھائی چارگی کا درس دیتا ہے۔ مسلمان آپس میں متحد رہیں ۔ خاص طور پر جائیداد کے جھگڑوں کی وجہ سے بھائیوں ، بہنوں اور دیگر رشتہ داروں کے درمیان جو اختلافات ہیں اس کا خاتمہ کرتے ہوئے آپسی تنازعات کو ختم کریں ۔ عیدالفطر کے دن اظہار خوشی کرنا سنت ہے ، مسلمانوں کیلئے اظہار خوشی کا جو طریقہ مسنون ہے وہ عبادت اور سجدہ شکر ہے جو مقصد حیات اور حاصل زندگی ہے اور تقرب خداوندی کا ذریعہ ہے۔ مولانا مفتی محمد مستان علی نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ عید کی خوشیوں میں غریب مسلمانوں کو ضرور شامل کریں۔ عید اور خوشی کے نام پر کوئی ایسے امور نہ کریں جسے اسلام اور رسول عربی ؐ نے منع فرمایا ہو ، ہر جائز خوشی مناسکتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ سارے مسلمانوں کو عید کی خوشی نصیب فرمائے۔