حصول تلنگانہ کیلئے ہر شہری کو کمربستہ ہونے کی ضرورت

نرمل میں ٹی آر ایس کا جلسہ ، کے سری ہری ، محمد عتیق اور دیگر قائدین کا خطاب
نرمل ۔ 20 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بدعنوانیوں میں ملوث کرپشن کی ایک تاریخ رقم کرنے والی کانگریس آندھرائی قائدین کی کٹھ پتلی بن گئی ہے ۔ حصول تلنگانہ کیلئے اب ہر شہری کو بلالحاظ مذہب و ملت کمربستہ ہوتے ہوئے علحدہ ریاست کی تشکیل کیلئے آگے آجانا چاہئے ، ان خیالات کا اظہار آج تروملا گارڈن میں ٹی آر ایس کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مختلف قائدین مسٹر لوکا بھوما ریڈی ، کے سری ہری راؤ ، ستیہ نارائن گوڑ ، محمد عتیق اقلیتی قائد نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کے کل کی ٹی آر ایس میٹنگ میں عوام کی اتنی بڑی تعداد بالخصوص برقعہ پوش خواتین تمام طبقات کا شریک ہونا اس بات کاو اضح ثبوت دکھائی دے رہا تھا کہ عوام علحدہ ریاست کی تشکیل کیلئے ہی نہیں فوری انتخابات کے بھی منتظرہیں۔ ان قائدین نے اپنے اپنے خطاب میں کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بدعنوانیوں میں ملوث وزراء کو بچانے میں لگی یہ حکومت جس کا کلچر صرف اور صرف انتخابات میں کھوکھلے وعدے کرنا اور کرسی حاصل ہوتے ہی اپنے وعدہ سے انحراف کرنا ہے جبکہ ریاست کی تاریخ میں کوئی بھی تحریک اس قدر شدت کے ساتھ نظر نہیں آتی ۔ آج ہر جماعت کے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے قائدین کچھ کھل کر اس تحریک میں شامل ہیں تو کچھ قائدین کی مجبوریاں سمجھ میں نہیں آرہی ہیں۔ ان قائدین نے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے تمام جماعتوں میں شامل تلنگانہ کے قائدین سے پرزور اپیل کی اور کہاکہ ہمارے ساتھ آجاؤ ہم سب کا مقصد پورا ہوگا ، یہ جنگ کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ تلنگانہ کے تمام طبقات کی دیرینہ ضرورت ہے ۔ آندھرائی قائدین نے دولت اور طاقت کے استعمال سے ہمارے علاقہ کو کنگال بنادیا ۔ بڑے دکھ کی بات ہے کہ تلنگانہ کے علاقہ میں خاطر خواہ قدرتی وسائل موجود ہونے کے باوجود ہمارا علاقہ پسماندہ ہے ۔ کیا وجہ ہے کہ ہم اپنے جائز حقوق کیلئے جدوجہد کرنے سے گریز کریں ۔ آندھرائی عوام کی حیثیت تلنگانہ میں ایسی ہے جیسے مالک کے گھر میں کرایہ دار رہتا ہے ۔ آج کرایہ دار ہی مالکان حقوق حاصل کرنے کے ناپاک عزائم رکھتے ہیں تو ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بلا لحاظ سیاسی وابستگی اپنے علاقہ کی ترقی اور علحدہ ریاست کی تشکیل کیلئے کمربستہ ہوجائیں ۔ ٹی آر ایس کا قیام ہی علحدہ ریاست کی تشکیل ہے اب تک کئی نوجوانوں نے اپنے آپ کو موت کے گلے لگالیا لیکن خودغرض جماعت کانگریس جو کھوکھلے وعدوں کی ایک تاریخ رکھتی ہے اب عوام اس کو گھر کا راستہ بتانے کا ذہن بناچکے ہیں۔

نرمل میں ڈائیٹ سیٹ ماڈل ٹسٹ کا اہتمام
نرمل ۔ 21 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گلوبل سوسائٹی نرمل کے زیراہتمام طلباء و طالبات جو ٹی ٹی سی ( ڈی ایڈ ) کا ڈائیٹ سٹ انٹرنس کی تیاری کررہے ہیں ان طلبا و طالبات کیلئے انصار احمد ساحلؔ صدر گلوبل ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی نرمل نے 26 مئی بروز اتوار بوقت صبح 10 بجے تا 12 بجے بمقام حرا فنکشن ہال بدھوار پیٹھ نرمل پر ڈائیٹ سیٹ ماڈل ٹسٹ کا انعقاد عمل میں لاریا جارہا ہے ۔ یہ ماڈل ٹسٹ کا مقصد اچھے نشانات کے حصول کیلئے معاون ثابت ہوگا ۔ اس ماڈل ٹسٹ میں اردو میڈیم طلباء کو پرچہ سوالات کے نمونہ سے واقف کروانے کے ساتھ ساتھ ان میں جذبہ خوداعتمادی کو پروان چڑھانا ہے ۔ سوالنامہ کی تیاری کیلئے ماہر و تجربہ کار اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ مزید تفصیلات و رجسٹریشن کیلئے دفتر گلوبل ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی آدرش نگر نرمل ہے۔ 9676177156 نمبر پر ربط پیدا کیا جاسکتاہے ۔