حسین ساگر کی صفائی کے لیے بنگلور کی کمپنی کی خدمات

1.6 کروڑ کے مصارف سے 6 ماہ میں صفائی کا کام مکمل کرنے کا معاہدہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حسین ساگر کی صفائی کے لیے بنگلور کی این کاف کمپنی کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ کمپنی نے 6 ماہ میں 1.6 کروڑ روپئے کے مصارف سے صفائی کے کام مکمل کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہونے والے حسین ساگرکی صفائی کے لیے بالاخر ٹنڈر کو منظوری دے دی گئی ۔ حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) نے حسین ساگر کی صفائی کے لیے عالمی سطح پر ٹنڈرس طلب کیا جس میں امریکہ ، کینڈا اور چین کے علاوہ حیدرآباد و بنگلور کی 7 کمپنیوں نے ٹنڈرس داخل کیا ۔ اہل کمپنی کا انتخاب کرنے کے لیے ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے تشکیل دی گئی ماہرین کی کمیٹی نے ٹنڈرس داخل کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ ٹنڈرس داخل کرنے والی کمپنیوں میں بائیو فام ( چین ) بائیو کلینر ( کیلفورنیا ) میاٹرس ( کینڈا ) ، کے این او ( حیدرآباد ) این کاف ( بنگلور ) کیپٹل پراجکٹ ( حیدرآباد ) شامل ہیں ۔ ان کمپنیوں کے نمائندوں نے ماہرین کمیٹی کے سامنے صفائی کے متعلق پاور پوائنٹ پریزینٹیشن پیش کیا ۔ ماہرین کی کمیٹی میں ایچ ایم ڈی اے انجینئرنگ شعبہ کے عہدیدار ، انورمنٹل پروٹیکشن اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے سائنسداں شامل ہیں ۔ کمیٹی نے آلودہ پانی کو صاف و شفاف بنانے کے لیے مختلف کمپنیوں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ جس کے بعد بنگلور کی این کاف کمپنی کا انتخاب کیا ۔ جس نے سب سے کم 1.6 کروڑ روپئے کا ٹنڈر پیش کیا تھا اور اس طرح حسین ساگر کے صفائی کی ذمہ داری بنگلور کمپنی کے حوالے کردی گئی جس نے 6 ماہ میں حسین ساگر کی صفائی کے کام مکمل کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔۔