حسین جہاںساز و سامان کیساتھ سمیع کے گھر پہنچ گئی

پولیس اور وکیل بھی موجود ، فاسٹ بولر کے افراد خاندان گھر مقفل کرکے روانہ
امروہا(کولکتہ)۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ میں تیز گیند باز محمد سمیع کے خلاف جہیز اور آبروریزی کا کیس درج کرانے کے بعد اب ان کی اہلیہ حسین جہاں اتوار کو اچانک امروہا میں سمیع کے گاؤں سہس پور، علی نگر پہنچ گئی۔ حسین جہاں نے امریکہ میں ڈیڈولی کوتوالی میں سکیورٹی کا بھی مطالبہ کیا۔ حسین جہاں اپنے وکیل کے ساتھ سمیع کے گھر پہنچیں۔ وہ پہلے سمیع کے چچا کے گھر گئیں اور انہوں نے گاؤں والوں سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے امروہا پہنچنے کی اطلاع ملتے ہی سمیع کے افراد خاندان مکان کو قفل لگاکر چلے گئے جس کے بعد حسین جہاں اپنی بیٹی کے ساتھ پڑوس میں رہنے والے سمیع کے چچا کے گھر گئیں۔ حسین جہاں نے کہا کہ محمد سمیع ایک کم تعلیم یافتہ انسان ہے، اس کا ایک ہی کام ہے، سبھی کو بیوقوف بنانا، اس نے میرے ساتھ ساتھ آپ جیسے سادہ لوح افراد کو بھی بے وقوف بنایا ہے۔ حسین جہاں نے یہ بھی کہا کہ سمیع اس سے معافی مانگ لے تو وہ اس کو معاف کردے گی اور پھر سے اپنا گھر بسا لے گی، لیکن سمیع نے جو کیا ہے وہ انتہائی غلط ہے۔ حسین جہاں کے ساتھ ان کا وکیل بھی تھا۔ جب حسین جہاں سے پوچھا گیا کہ انہیں پولیس کے ساتھ گاؤں میں آنے کی کیوں ضرورت پڑی تو اس نے سمیع کے بڑے بھائی حسیب کو کریمنل کہتے ہوئے کہا کہ اس سے اس کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔ حسین جہاں نے کہا کہ حسیب، ان (حسین جہاں) کا قتل کرکے سمیع کی شادی اپنی سالی سے کروانا چاہتا ہے۔