حسن آباد میں غیر موسمی بارش ‘ گرمی سے راحت

دھان و آم کی فصل تباہ ‘ کسانوں کا شدید نقصان
حسن آباد ۔ 30 ؍ اپریل ( سیاست  ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ریونیو ڈیویژن  کے بیشتر مواضعات میں ہفتہ کی درمیانی رات زائد از 2 گھنٹے مسلسل تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش  ہوئی جس کے باعث کئی مواضعات میں سینکڑوں ایکڑ پر محیط دھان کی فصل جو کہ کٹوائی کے لئے تیار کھڑی تھی بری طر ح تباہ ہوگئی ۔ علاوہ ازیں تیز ہوأوں کے چلنے سے آم کے باغات بھی متاثر ہو کر مالکان کا لاکھوں روپئے کا نقصان ہوا ۔ مسٹر ایم شنکر کمار ریونیو ڈیویژن آفیسر حسن آباد نے ڈیویژن میں شامل منڈلس مدور ‘ حسن آباد ‘ اکناپیٹ ‘ کوہیڈا ‘ اور بجنکی کے ریونیو حکام کو فی الفور اپنے اپنے منڈلوں  سے ملحقہ مواضعات کا تفصیلی دورہ کرنے اور اچانک ہوئی غیر موسمی بارش سے پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دی ۔ متاثرہ کسانوں کے بموجب  کئی مواضعات میں فروخت کے لئے تیار رکھے گئے دھان کے تھیلے بھی اچانک تیز بارش سے متاثر ہوئے ۔ کسانوں نے دھان کی ذخیرہ اندوزی کیلئے مناسب اقدامات کرنے اور غیر متوقع بارش سے دھان کی فصل کو بچانے کے لئے مناسب اقدامات کرنے کا ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے ۔