حرم مکی شریف میں منفی رحجانات کو فروغ دینے والے 605افراد گرفتار

مکہ مکرمہ۔10جون ( سیاست ڈاٹ کام ) حرم مکی شریف میں منفی رجحانات کے انسداد کیلئے قائم کی جانے والی کمیٹی نے رمضان المبارک کے دوران 605افراد کو گرفتار کیا ہے۔گرفتار شدگان حرم مکی شریف کے اندر اور بیرونی صحنوں میں منفی رجحانات کو فروغ دے رہے تھے۔ سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ طارق المالکی نے کہا کہ کمیٹی کے 110اہلکار حرم مکی شریف کے اندر اور بیرونی صحنوں میں متعین ہیں۔ یہ لوگ رمضان المبارک کے دوران 24گھنٹے مختلف شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔ حرم شریف میں کسی بھی قسم کے منفی رجحان کے انسداد کیلئے فوری طور پر کارروائی کی جاتی ہے۔ حرم مکی شریف یا بیرونی صحنوں میں گداگری کے علاوہ مروہ میں معتمرین کے بال کٹوانا یا قینچی فراہم کرنا، حرم میں نماز کیلئے جگہ مختص کرنا، زائرین حرم کو نماز کی جگہ فروخت کرنایا پھر حرم سے باہر جانے کی وجہ سے اپنی جگہ پر مصلی بچھادینا تاکہ کوئی دوسرا جگہ پر نہ بیٹھ جائے، یہ سب منفی رویئے ہیں جن کا انسداد ضروری ہے۔