حج ہاؤز میں کل سے عازمین حج کی ٹیکہ اندازی کا پروگرام

اندرون تین یوم انفرادی شیڈول کا اعلان متوقع: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔ 31 اگست ( پریس نوٹ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش کے منتخب عازمین حج کی ٹیکہ اندازی کا پروگرام حج ہاؤز نامپلی میں منگل 2 ستمبر سے شروع ہوگا جس سے ضلع حیدرآباد و رنگا ریڈی کے عازمین استفادہ کرسکیں گے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج جامع مسجد حسینی ، وجئے نگر کالونی میں منعقدہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کے عازمین حج کے لئے متعلقہ اضلاع کو ویکسین روانہ کردئے گئے ہیں۔ 2ستمبر کو 10 بجے صبح ٹیکہ اندازی کے لئے رجسٹریشن کا آغاز ہوگا۔ پہلے دن کور نمبر ایک تا 2500 کے عازمین کی ٹیکہ اندازی ہوگی۔ دوسرے دن 3ستمبر کو کور نمبر 2501 تا کور نمبر 5000 کے عازمین کی اور تیسرے دن کور نمبر 5001 تا کور نمبر 7500 کے عازمین کی ٹیکہ اندازی ہوگی۔ عازمین حج سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اپنے کور نمبر کے مطابق ہی حاضر ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کافی قیمتی ٹیکے ہوتے ہیں جن کی فی کس چار ہزار روپئے کی مالیت ہوتی ہے۔ ایک خانگی ہاسپٹل چارمینار کی میڈیکل ٹیم کے اشتراک سے ٹیکہ اندازی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ حج ہاؤز کا کیمپ ختم ہونے کے بعد ایک خانگی ہاسپٹل میں بھی ٹیکہ اندازی ہوگی۔70 سال سے زائد عمر والوں اور پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو ایک ٹیکہ زیادہ دیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید اعلان کیا کہ عازمین حج کا انفرادی شیڈول اندرون تین یوم حاصل ہوجائے گا‘ جس کے مطابق سرکاری ملازمین رخصت اور نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ بعض اداروں کی جانب سے بیاگ کا تحفہ دیا جاتا ہے ‘ اکثر عازمین اپنے ساتھ دو تین بیاگ رکھ لیتے ہیں جس سے کافی دشواری اور الجھن ہوتی ہے اس لئے عازمین حج سے خواہش کی کہ وہ سفر حج پر روانگی کے موقعہ پر اپنے ساتھ صرف ایک ہی بیاگ اپنے ساتھ رکھیں۔ اس کے علاوہ تمام عازمین اپنے پاسپورٹ اور بورڈنگ پاس کی دو تین کاپیاں لگیج ‘ ہینڈ کیری اور ہینڈ بیاگ میں ضرور رکھیں۔قاری محمد فاروق حسین کی قرأت کلام پاک اور جناب شاہنواز اور جناب عرفان شریف کے ہدیہ نعت سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ مولانا احمد عبید الرحمٰن ندوی قاسمی امام و خطیب مسجد ٹین پوش بعنوان فضائیل و منکرات حج اورمولانا مفتی تجمل حسین امام و خطیب مسجد حسینی بعنوان مناسک حج و عمرہ اورآداب زیارت روضہ نبوی ﷺ کے موضوع پر خطاب کیا۔ جناب عبدالرؤف خان انجینئر نے کارروائی چلائی۔