جی ای ایس کے فوری مثبت نتائج ‘ قونصل جنرل امریکہ

ہندوستان و امریکہ کے تعلقات میں مزید استحکام ۔ مس کیتھرین ہڈا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /30 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سنٹر (ایچ آئی سی سی ) میں منعقدہ سہ روزہ گلوبل انٹرپرینر شپ سمٹ ۔ 2017 کے کامیاب انعقاد کے نتیجہ میں ہند اور امریکہ کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں ۔ سمٹ کے آخری دن امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد کیتھرین ہڈا نے بتایا کہ اس چوٹی کانفرنس کے فی الفور مثبت نتائج برآمد ہوتے نظر آرہے ہیں اور ہند ۔ امریکہ کے علاوہ عالمی طور پر اس کا اثر دیکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اب بین الاقوامی سطح کا شہر ہوگیا ہے اور اس طرح کی کانفرنس کو آسانی سے منعقد کیا جاسکتا ہے ۔ کیترین ہڈا نے کہا کہ سہ روزہ سمیٹ میں دنیا کے مختلف انٹرپرینرس اور سرمایہ کاروں کے درمیان تبادلہ خیال ہوا ہے اور اس کے بہتر سے بہتر نتائج برآمد ہونے کا یقین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں 33 بین الاقوامی امریکی کمپنیوں نے شرکت کی ۔ سال 2017 ء کی چوٹی کانفرنس کے ذریعہ مختلف ممالک کے معاشی نظام کو مدد ملے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس کانفرنس میں خاتون صنعتکاروں کو اولین ترجیح دی گئی تھی اور ان کی حوصلہ افزائی کیلئے وائیٹ ہاؤز کی مشیر مس ایوانکا ٹرمپ جو خود خاتون صنعتکار رہ چکی ہیں اس کانفرنس میں شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ سہ روزہ کانفرنس میں 127 ممالک سے کثیر تعداد میں خاتون صنعتکاروں جو 52.5 فیصد ہیں نے شرکت کی ۔ اس چوٹی کانفرنس کو انتہائی منصوبہ بند طریقہ سے عمل میں لایا گیا جبکہ31.5 فیصد انٹرپرینرس 30 سال سے کم عمر کے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے 1500 بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی جس میں ہندوستان کی کئی خاتون صنعتکاروں نے اپنی قابلیت اور ہنر کا مظاہرہ کیا ۔ انہیں امید ہے کہ اس کانفرنس کے بہتر سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے جس سے خاتون صنعتکاروں کو معاشی طور پر مستحکم ہونے کا موقع ملے گا ۔ سہ روزہ کانفرنس کے اختتام کے موقع پر انہوں نے کہا کہ /28 تا /30 نومبر کے درمیان 53 پیانل مباحث کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور اس میں صنعتکاروں کے علاوہ کھلاڑیوں ، اداکاروں اور دیگر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی ۔ میڈیا کی جانب سے سوال کئے جانے پر انہوں نے کہا کہ یہ بات طئے شدہ تھی کہ گلوبل انٹرپرینر شپ چوٹی کانفرنس کا انعقاد حیدرآباد میں عمل میں لایا جائے گا لیکن وائیٹ ہاؤز کی مشیر ایوانکا ٹرمپ کا اس کانفرنس میں شرکت کے فیصلے کے بعد اس کی اہمیت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ۔ امریکی قونصل خانہ متعینہ حیدرآباد کو اس کانفرنس کا کامیاب طور پر انعقاد کرنا ایک چیالنج تھا لیکن انہیں حکومت تلنگانہ اور نیتی آیوگ کی جانب سے فراہم کی گئی سہولتیں اور وسائل کے نتیجہ میں راہ ہموار ہوگئی ۔ انہوں نے جنیفر ایرینگیو سینئر ڈائرکٹر نیشنل سکیورٹی کونسل کی جانب سے دی گئی حوصلہ افزائی کی ستائش کی ۔