جی ایس ٹی سے تلنگانہ پر مالی بوجھ کا امکان : ریونت ریڈی

صورتحال پر اظہار تشویش ، ریونت ریڈی کارگذار صدر تلنگانہ تلگو دیشم کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کارگزار صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی و قائد مقننہ تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے جی ایس ٹی سے متعلق حقائق کا اظہار کرنے پر وزیر فینانس مسٹر ای راجندر کی ستائش کی اور کہا کہ جی ایس ٹی کی وجہ سے ریاست پر زائد مالی بوجھ عائد ہونے کا قوی امکان ہے کیوں کہ جی ایس ٹی کی وجہ سے زرعی کھاد ، تخم کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے اس صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے جی ایس ٹی کے ذریعہ ریاست کو ہونے والے نقصان کو مرکزی حکومت ہی کو برداشت کرنے کے لیے مرکز سے مطالبہ کرنے کی خواہش کی ۔ بصورت دیگر صدر جمہوریہ ہند کے عہدے کے لیے ین ڈی اے امیدوار کی تائید نہ کرنے کا مشورہ دیا اور جی ایس ٹی عمل آوری سے متعلق تقریب کا بائیکاٹ کرنے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بغیر کسی سوجھ بوجھ کے اقدامات کرنے کو اپنے روزمرہ کا طریقہ کار بنالیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے نوٹ بندی سے متعلق کئے گئے فیصلے و جی ایس ٹی سے متعلق چندر شیکھر راؤ کی یکطرفہ و جلد بازی میں کی گئی تائید کے باعث ریاست کے عوام کو آج بھی کئی مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ لہذا ان تمام امور کو پارلیمنٹ سیشن کے موقعہ پر ہونے والے جی ایس ٹی سے متعلق آخری اجلاس کے موقعہ پر موضوع بحث بنانے اور ضرورت پڑنے پر اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر مسٹر چندرا شیکھر راؤ سے مسٹر ریونت ریڈی نے مطالبہ کیا ۔۔