جی ایس ٹی بل کو مایاوتی کی تائید مگر حکومت پر تنقید

نئی دہلی ، 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج جی ایس ٹی بل کیلئے تائید و حمایت کا اعلان کیا حالانکہ انھوں نے ملک میں مبینہ ’’عدم رواداری، فرقہ پرستی اور انارکی‘‘ کے معاملے میں حکومت پر سخت تنقید کی اور ہریانہ میں دلت بچوں کی ہلاکت پر مرکزی وزیر وی کے سنگھ کے ریمارکس پر اُن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ راجیہ سبھا میں ’’دستور کے تئیں عہد‘‘ پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے مایاوتی نے درج فہرست طبقات، او بی سیز اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی حالت پر تشویش ظاہر کی۔ ہریانہ میں دو دلت بچوں کی ہلاکت کے بعد مرکزی وزیر وی کے سنگھ کے ’کتا‘ والے تبصرے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ وزیر موصوف کو مجلس وزراء سے خارج کرتے ہوئے جیل بھیج دینا چاہئے کیونکہ اس طرح کے لوگ جیل میں رہنے کے مستحق ہیں، پارلیمنٹ میں نہیں۔ دادری قتل کے بشمول مختلف واقعات پر حکومت پر آگ اگلتے ہوئے مایاوتی نے بار بار حکومت کے عہد برائے دستور پر سوالات اٹھائے اور اس موضوع پر لوک سبھا میں وزیراعظم نریندر مودی کے جواب کی قلعی کھول دی۔