جی آئی او کے زیر اہتمام مختلف مقابلوں کا نظم

کریم نگر میں صدر نشاط فاطمہ کی پریس کانفرنس
کریم نگر۔/31جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گرلز اسلامک آرگنائزیشن کریم نگر کے زیر اہتمام اسٹوڈنٹس فیسٹول کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس ضمن میں 3اور 4 اگسٹ کو صبح 10تا ساڑھے چار بجے بمقام مسلم فنکشن ہال مختلف مقابلوں کا نظم کیا گیا ہے۔ تقریری، تحریری، کوئز ، ڈرامہ ، میموری پر چیلنج عام معلومات وغیرہ ہوں گے اور 7اگسٹ بروز اتوار بمقام مانیر گارڈن فنکشن ہال میں 10بجے تا ایک بجے کامیاب طالبات میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ جماعت اسلامی ہند شاخ کریم نگر مقامی دفتر میں صدر جی آئی او نشاط فاطمہ، گیمس سکریٹری ضمنہ فاطمہ، سکریٹری شفاء لطیفی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم جی آئی او طالبات کی مخصوص تنظیم ہے اس کا اہم مقصد طالبات کو اسلامی طرز پر ڈھالنا ہے ۔ بغیر کسی مذہبی مسلکی فرقہ بندی کے یہ تنظیم طالبات کی مخفی صلاحیتوں کو اُجاگر کرتے ہوئے ایک اسلامی معاشرہ تشکیل دینا ہے۔ اسی لئے تنظیم مختلف سماجی اصلاحی تحریکوں کے بارے میں مقابلوں کا انعقاد اور لڑکیوں کی خداداد صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اور ان کی ہمت افزائی کرتے ہوئے سیاسی معاشی اور اخلاقی دائروں میں درپیش مسائل کا حل تلاش کرتے ہوئے لڑکیوں کے اخلاقی اقدار کو سنوارنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے خواہش کی کہ ان مقابلوں میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کی جانچ کریں۔ ان مقابلوں میں طالبات کو حصہ لینے کی دعوت دی گئی ہے۔ مزید تفصیلات کے لئے فون9701915426 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔