جہیز ہراسانی سے دلبرداشتہ دو خواتین نے پھانسی لے لی

جہیز ہراسانی سے دلبرداشتہ دو خواتین نے پھانسی لے لی
حیدرآباد 19 نومبر ( سیاست نیوز)مزید جہیز کی ہراسانی سے دلبرداشتہ دو خواتین بشمول نئی نویلی دلہن نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ سیف آباد پولیس کے بموجب وی منگا پریا جس کی شادی جاریہ سال 26 اگست کو ارون کمار سے ہوئی اور وہ شادی کے فوری بعد سے ہی مزید جہیز کیلئے ہراساں کرنا شروع کردیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ارون کمار منگا پریا کے والدین کو بھی مزید جہیز کیلئے ہراساں کررہا تھا جس سے دلبرداشتہ ہوکر پریا نے اپنے سسرالی مکان واقع خیریت آباد میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ سیف آباد پولیس نے ارون کے خلاف مزید جہیز کی ہراسانی اور خودکشی کیلئے اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں 28 سالہ کویتا نے علاقہ ایرہ گڈہ علاقہ میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ صنعت نگر پولیس نے بتایا کہ کویتا کا شوہر بھیم ریڈی اور اس کے رشتہ دار لڑکی کو مزید جہیز کیلئے ہراساں کرتے ہوئے اسے ذہنی اذیتیں دے رہے تھے ۔کویتا اپنے سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی سے دلبرداشتہ ہوکر پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔
آٹو کی ٹکر، 10سالہ لڑکا ہلاک
حیدرآباد 19 نومبر ( سیاست نیوز) آٹو کی ٹکر سے 10سالہ کمسن لڑکا ہلاک ہوگیا ۔ سیف آباد پولیس کے بموجب دس سالہ انجی ساکن این بی ٹی نگر بنجارہ ہلز کو کل رات ایک آٹو ڈرائیور نے علاقہ سیف آباد نے ٹکر دیدی جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ انجی کو مقامی ہاسپتال منتقل کیاگیا تھا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ پولیس نے سیف آباد نے آٹو ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
معاشی پریشانیاں، خاتون کی خودکشی
حیدرآباد 19 نومبر ( سیاست نیوز)معاشی پریشانیوں سے دلبرداشتہ خاتون نے حسین ساگر میںچھلانگ لگا کر خودکشی کرلی ۔ رام گوپال پیٹ پولیس کے بموجب 35 سالہ بی لکشمی ساکن چنتل بستی آٹو ڈرائیور کی بیوی تھی اور وہ گذشتہ چند دنوں سے معاشی پریشانی سے دوچار تھی ۔ لکشمی اور رامو مکان کا کرایہ بھی ادا کرنے کے موقف میں نہ تھے اور پانچ ماہ سے کرایہ کی رقم نہ دینے پر مکاندار نے اس پر برہمی کا اظہار کیا تھا ۔ لکشمی نے حسین ساگر ٹینک بنڈ میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی ۔ رام گوپال پیٹ پولیس نے خاتون کی نعش کا پوسٹ مارٹم کر واکر نعش ورثاء کے حوالے کردی ۔
پکوان کے دوران جھلس کر فوت
حیدرآباد 19 نومبر ( سیاست نیوز) پکوان کے دوران اتفاقی طور پر جھلسنے والی 65 سالہ ضعیف خاتون آج دواخانہ عثمانیہ میں فوت ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے رتنماں ساکن شاہ آباد 16 نومبر کو پکوان کے دوران اتفاقی طور پر جھلس گئی تھی اور اسے عثمانیہ ہسپتال میں علاج کیلئے شریک کیا گیا تھا جہاں آج وہ اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔
ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد قیام ، 3گرفتار
حیدرآباد 19 نومبر ( سیاست نیوز)کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ زون ٹیم نے نائجیریا تعلق رکھنے والے تین باشندوں کو گرفتار کرلیا جو ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر مقیم تھے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس مسٹر پی لمبا ریڈی نے بتایا کہ 47 سالہ کرس چبوزر نواب کو ،27 سالہ ایلیڈومو اوکوڈیلی اگستن اور 29 سالہ اویک انیو بوچی ملیچی علاقہ بنجارہ ہلز میں مقیم تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ نائجیرین باشندے ٹورسٹ اور بزنس ویزا پر ہندوستان آئے تھے اور ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود بھی وہ حیدرآباد میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے ۔ ٹاسک فورس نے مذکورہ نائجیرین باشندوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے دو پاسپورٹ برآمد کرلئے اور انہیں بنجارہ ہلز پولیس کے حوالے کردیا ۔
مزدور تیسری منزل سے گر کر ہلاک
حیدرآباد 19 نومبر ( سیاست نیوز) تعمیری کام کے دوران اتفاقی طور پر ایک مزدور تیسری منزل سے گر کر ہلاک ہوگیا ۔ الوال پولیس نے بتایا کہ 33 سالہ ای وینکنا پیشہ سے مستری تھا ، ارجن نگر میں تعمیری کام کے دوران توازن کھو کر عمارت سے اتفاقی طور پر گر گیا تھا جس کے نتیجہ میں اس کے سر پر گہرا زخم آیا تھا ۔ دواخانہ کو منتقلی کے دوران وہ فوت ہوگیا ۔