جگن کی طرز پر جیل جانے کی خواہش نہیں : نارالوکیش

کرپشن کے الزامات ثابت کرنے پر زور ، وجئے واڑہ میں رمضان تحفہ کی تقسیم تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی قومی جنرل سکریٹری مسٹر این لوکیش نائیڈو نے پر زور الفاظ میں کہا کہ قائد اپوزیشن آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی طرح غلط بیان بازیوں کے ذریعہ اور مبینہ بے قاعدگیوں کے ذریعہ جیل جانے کی میری کوئی خواہش نہیں ہے ۔ انہوں نے ان کے خلاف کرپشن کے عائد کیے جانے والے الزامات کو ثابت کرنے کا اپوزیشن وائی ایس آر پارٹی قائدین سے پر زور مطالبہ کیا ۔ آج وجئے واڑہ میں واقع پنجہ سنٹر میں رمضان المبارک کے سلسلہ میں رمضان تحفہ کی غریب عوام میں تقسیم کیے لیے منعقدہ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے مسٹر لوکیش نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی قیادت میں حکومت آندھرا پردیش نہ صرف ریاست کی ترقی بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات کررہی ہے اور یہ اقدامات قائد اپوزیشن و صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین وائی ایس آر کانگریس پارٹی برداشت نہیں کرپارہے ہیں اور حکومت پر ہر روز نئے نئے الزامات عائد کرنے کے لیے کوشاں ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین کے عائد کیے جانے والے الزامات پر ریاست آندھرا پردیش کے کوئی عوام بھی یقین کرنے کے موقف میں نہیں ہیں اس موقعہ پر مسٹر لوکیش نے رکن اسمبلی وجئے واڑہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر جلیل خاں کی جانب سے اہتمام کردہ رمضان تحفہ جات کو غریب عوام بشمول خواتین وغیرہ میں تقسیم کیے ۔ اس تقریب میں مسٹر این چنا راجپا ، ڈی اوما مہیشور راؤ ، پی پلاراؤ ، کے رویندر ، ریاستی وزراء کینینی نانی کے نارائنا ارکان پارلیمان شریمتی بی اوما ، رکن اسمبلی بی وینکنا رکن قانون ساز کونسل اور دیگر قائدین تلگو دیشم پارٹی بھی کثیر تعداد میں شریک تھے ۔ مسٹر جلیل خاں رکن اسمبلی نے خیر مقدم کیا ۔۔