جوشنا کاجوشیلا مظاہرہ،ہندوستان گولڈمیڈل مقابلہ میں

جکارتہ۔31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )ہندستانی خاتون اسکواش ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیائی کھیلوں میں آج یہاں اسکواش مقابلے کی خاتون ٹیم زمرے کے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو2-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل مقابلے میں جگہ بنا لی۔جوشنا چنپا نے پانچ مرتبہ کی ایشیائی خواتین کے سنگلز چمپئن نکول ڈیوڈ کو پانچ گیموں کے سنسنی خیزمقابلے میں 12-10، 11-9، 6-11، 10-12، 11-9 سے شکست دے کر ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلائی۔جوشنا، دیپکا پلیکل، سنایا کروولا اور تنوي کھنہ کی ہندستانی ٹیم نے دوسرا مقابلہ بھی ملائیشیا سے جیتا اور اسی کے ساتھ سیمی فائنل میچ جیت کر ٹیم مقابلے کے فائنل میں پہنچ کر ملک کے لئے کم ازکم سلور میڈل پکا کر دیا۔دوسری جانب مرد زمرے کے مقابلوں میں ہندوستان کے سوروگھوشال کو ہانگ کانگ کیخلاف افتتاحی مقابلے میں شکست ہوئی جس سے 0-1 کی برتری کا موقع گنوانا پڑا۔
چنت اور مانیکاکو شکست
ہندوستانی کھلاڑی اچنت شرت کمل اور مانیکا بتراآج18 ویں ایشیائی کھیلوں کے مرد وخواتین ٹیبل ٹینس سنگلز مقابلے میں اپنے اپنے راؤنڈ 16 میں شکست کے بعدایونٹ سے باہر ہوگئے ۔ اسی کے ساتھ دونوں ہندوستانی کھلاڑیوں کا ان کھیلوں میں چیلنج بھی ختم ہوگیا ہے ۔ مرد ٹیم اور مکسڈ ڈبلز میں برونز میڈل دلانے والے تجربہ کار اچنت کو راؤنڈ۔16 مقابلے میں چینی تائی پے کے چی یوآن چوآنگ سے 2۔4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔حالانکہ اچنت نے چوآنگ کے خلاف چیلنج رکھنے کوشش کی اور دوسرے اور چوتھے گیم میں جیت حاصل کی لیکن وہ پانچویں فیصلہ کن گیم میں 9۔11 سے ناکام ہوئے ۔36 سالہ اچنت آخرکار44ویں منٹ طویل دلچسپ مقابلے کو11۔7، 9۔11، 12۔10، 14۔16، 11۔9 سے گنوا بیٹھے ۔ اچنت نے مکسڈ ڈبلز میں مانیکا کے ساتھ برونز میڈل جیتا تھا اور اس طرح اچنت دو برونزمیڈلس کے ساتھ ایشیائی کھیلوں سے وداع ہوئے ۔
زخمی وکاس سیمی فائنل سے دستبردار
گولڈمیڈل کے مضبوط دعویدار ہندستانی مکے باز وکاس کرشنن کو آنکھ پر چوٹ کی وجہ سے18 ویں ایشیائی کھیلوں کی باکسنگ مقابلے میں انفٹ قرار دے دیا گیا جس کے بعد انہیں آج مقرر اپنے75 کلوگرام مرد سیمی فائنل مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا۔وکاس کو قازقستان کے ابیخان امانکل کے خلاف سیمی فائنل مقابلہ کرنا تھا۔ آنکھ پر چوٹ کی وجہ سے انہیں پہلے ہی باہر ہونا پڑالیکن26 سالہ مکے باز نے سیمی فائنل میں پہنچ کر اپنے لئے برونزمیڈل پہلے ہی پکا کر لیا تھا۔وکاس نے2010 ایشیائی کھیلوں میں 60 کلوگرام وزن کے زمرے میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔