جنترمنتر میں احتجاج پر امتناع میں مرکز کا مفاد مضمر

سی پی آئی کا ردعمل
نئی دہلی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے آج الزام عائد کیاکہ مرکز نے جنترمنتر پر تمام نوعیت کے احتجاجوں پر پابندی عائد کرنے والی این جی ٹی کی رولنگ کے جواز کو چیلنج نہیں کیا کیونکہ وہ اپوزیشن کی آواز بند کرنا چاہتا ہے۔ سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ نے آج کہا کہ جمہوریت خطرہ میں ہے ۔ عوام کے بنیادی اور دستوری حقوق پر حملے بڑھتے جارہے ہیں۔ عوام کیلئے اپنی آواز اٹھانا مشکل ہورہا ہے۔ اس طرح کی پابندی والا اقدام مرکزی حکومت کیلئے موافق ہے۔ وہ نہیں چاہتے کہ اس کے خلاف کوئی آواز اٹھائی جائے۔ حکومت کو اس رولنگ کے خلاف اپیل کرنا چاہئے تھا ۔ سی پی آئی لیڈر نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت ملک میں ہر جگہ اپنے خلاف ناراضگی کو دبا رہی ہے۔ یہ صرف دہلی میں نہیں بلکہ دیگر مقامات جیسے تلنگانہ ، حیدرآباد وغیرہ میں بھی ہورہا ہے۔