جمیل فاطمہ زیبا نوجوان نسل کیلئے ایک مثال

تلنگانہ کی پہلی آئی اے ایس طالبہ کے اعزاز میں تہنیتی تقریب

حیدرآباد۔11مئی(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی پہلی منتخب آئی اے ایس جمیل فاطمہ زیبا جنھوں نے 2017 کے (یوپی ایس سی) سیول سرویس امتحانات میں 62 واں رینک حاصل کیا ہے کے اعزاز میں سنٹرفار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز( سی ای ڈی ایم) کے زیر اہتمام ‘ مدینہ ایجوکیشن سنٹر میں ایک تہنیتی تقریب کاانعقاد عمل میں آیا جس کی نگرانی مشیر حکومت تلنگانہ برائے اقلیتی بہبود جناب اے کے خان سابق آئی پی ایس نے کی ۔ جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ‘ جناب ایم اے وحید آئی ایف ایس ( موظف) ‘ وی سی اور ایم ڈی ٹی ایس ایم ایف سی ‘ ڈاکٹر سید اسرار احمد پراجکٹ آفیسر سی ای ڈی ایم ‘ جناب حبیب اللہ خان ( والد جمیل فاطمہ زیبا)‘ جناب ظفر جاوید‘ جنا ب ایوب علی خان‘ جناب کے ایم عارف الدین‘ جناب فخر الدین محمد ‘جناب عبدالطیف نے بھی اس جلسہ سے مخاطب کیا ۔ اسقبالیہ کلمات پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے ادا کئے اور تقریب کی کاروائی جناب شیخ چاند ساجد نے چلائی ۔ جناب اے کے خان نے اپنے صدراتی خطاب میں نو منتخبہ آئی اے ایس جمیل فاطمہ زیبا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ زیبا نے نوجوان نسل کیلئے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ زیبا پر اب یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آنے والے چار پانچ سالوں میں وہ اپنی سرکاری ذمہ داریوں کے ساتھ مسابقتی امتحانات میں شرکت کرنے والے نوجوان طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کاکام بھی کریں ۔ انہوں نے کہاکہ جس جذبہ اور جنون کے ساتھ زیبا نے سیول سرویس امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے وہی جذبہ دوسرے نوجوان لڑکے او رلڑکیوں میں پیدا کریں ۔ انہوں نے کہاکہ زیبا پر ملت کے نوجوانوں میںحوصلہ پیدا کرنے کی ذمہ دار ی عائد ہوتی ہے اور میںامید کرتا ہوں کہ وہ زیبا مسلم سماج کی ترقی اور سیول سرویس میں کمیونیٹی کے نوجوان کے بہتر مظاہرے اپنے گرانقد ر تعاون کے ذریعہ مددگار ثابت ہونگی۔ جناب اے کے خان نے کہاکہ زیبا کو مسلم سماج سے دعائوں کی شکل میںجو ملا ہے اس کو اپنے خدمات کے ذریعہ انہیں واپس لوٹانا ہے ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتوں میں تعلیم کو عام کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کا بھی اس موقع پر تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ دوسو ایک اقامتی اسکولس میں ایک سو ایک اسکولس لڑکیوں کے لئے قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کابھی تذکرہ کیا ۔ جمیل فاطمہ زیبا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای ڈی ایم کاتقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ کسی بھی کام کو شروع کرنے کے بعد اس کوادھورے چھوڑنا نہیںچاہئے ۔ انہوں نے بالخصوص مسابقتی امتحانات کی کوچنگ او رامتحان کے دوران پورے حوصلے کے ساتھ امتحان میںشریک ہونے کا مشورہ دیا۔