جموں و کشمیر کے ڈپٹی چیف منسٹر کی برطرفی کیلئے کانگریس کا مطالبہ

نئی د ہلی ۔ یکم مئی ۔ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے کٹھوعہ میں کمسن لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کو ایک معمولی واقعہ قرار دینے والے جموں و کشمیر کے نئے ڈپٹی چیف منسٹر کاویندر گپتا کی فی الفور برطرفی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کے ریمارکس سے بی جے پی اور اس کے قائدین کی ذہنیت کی عکاسی ہوئی ہے ۔ کانگریس کی ترجمان ششمیتادیو نے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر زور دیا کہ کاویندر گپتا کی برطرفی کو یقینی بنایا جائے ۔ ششمیتا دیو نے کہا کہ ’’یہ ایک انتہائی گستاخانہ بیان ہے جو کٹھوعہ عصمت ریزی کیس پر جموں و کشمیر کے ڈپٹی چیف منسٹر کی طرف سے دیا گیا ہے ۔
ایسی ذہنیت ہی ملک میں خواتین اور کمسن بچوں کے محفوظ نہ رہنے کی اہم وجہ ہے اور اگر کسی اہم سرکاری عہدہ پر فائز کسی شخص کی طرف سے اس قسم کا بیان دیا جاتا ہے تو وہ اور بھی زیادہ گستاخانہ ہوجاتا ہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ‘‘ ۔