جماعت کو ترقی کی کوئی فکر نہیں ‘ صرف دولت کے سہارے کامیابی کی کوشش

لاکھوں کروڑ کی اوقافی جائیدادوں کے باوجود مسلمان غربت کا شکار ۔ مجید اللہ خاں فرحت کا خطاب
حیدرآباد 30 نومبر ( سیاست نیوز ) صدر مجلس بچاو تحریک و امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ مقامی جماعت صرف دولت کے بل پر انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے جبکہ اس کے پاس مسلمانوں کی بہتری اور ترقی کیلئے کوئی نظریہ یا منصوبہ نہیں ہے ۔ مجید اللہ خاں فرحت آج اپنے حلقہ انتخاب میں نشیمن نگر اور رین بازار چمن میں دو انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں شکست دینے کیلئے صرف دولت اور طاقت کا سہارا لیا جا رہا ہے جبکہ وہ مظلوم مسلمانوں کے حق کی جدوجہد کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ملت میں اتحاد کے قائل رہے ہیں لیکن مظلوموں کے مفادات کے ساتھ کوئی سودا نہیں کیا جاسکتا نہ غریب مسلمانوں کے حقوق کا گلا گھونٹا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کے اسلاف کی چھوڑی ہوئی پانچ لاکھ کروڑ روپئے کی اوقافی جائیدادیں ہیں جن پر مفاد پرست نمائندوں اور اغیار نے قبضے کرلئے ہیں اور مسلمانوں کے ہاتھوں میں کشکول آگیا ہے ۔ یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے اور اس کو ختم کرنا ہے تو مجلس بچاو تحریک کو کامیاب بنانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آج مقامی جماعت صرف سود خوروں اور لینڈ گرابرس کی مدد سے مسلمانوں کو دبانے اور کچلنے کی حکمت عملی پر عمل کر رہی ہے ۔ اس کے پاس مسلمانوں کی پسماندگی دور کرنے اور مسلم علاقوں کو ترقی دینے کا کوئی نظریہ ہے اور نہ منصوبہ ہے ۔ جبکہ وہ اس عزم سے آگے بڑھ رہے ہیں کہ نہ صرف اپنے حلقہ یاقوت پورہ میں بلکہ ساری ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کی نمائندگی کریں اور سماجی سطح پر مختلف طبقات سے اتحاد کرتے ہوئے تلنگانہ اسمبلی میں 25 مسلم نمائندوں کے انتخاب کو یقینی بنائیں۔ ایسا ہوسکتا ہے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ انہیں یاقوت پورہ حلقہ سے کامیابی حاصل ہو۔ مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہوجائیں گی اور سود خوروں اور لینڈ گرابرس کے عزائم دھرے کے دھرے رہ جائیں گے اور وہ مسلمانوں کے ووٹوں کے ذریعہ منتخب ہوکر ایوان اسمبلی پہونچ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد یہی ہے کہ مظلوم اور کمزور و پسماندہ مسلمانوں کی حفاظت کی جائے ۔ ان کے دین و ایمان پر ڈاکے ڈالنے کی کوششیں ہو رہی ہیں اور انہیں بچانا ملت کے ہر فرد کا فریضہ ہے ۔ مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ وہ مظلوم کے حق کیلئے لڑ رہے ہیں اور سارے مسلمان ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہیں حلقہ یاقوت پورہ کے عوام کی وہ سرپرستی حاصل ہو رہی ہے جو ان کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب ایوان اسمبلی کیلئے منتخب ہوجائیں گے تو اوقافی جائیدادوں پر قبضوں اور ان جائیدادوں کی تباہی کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کرینگے ۔ ان جائیدادوں کو تباہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں گے تاکہ ملت مظلوم کے یہ قیمتی اثاثے انہیں واپس ملیں اور ان سے غریب اور مشکلات کاشکا ر مسلم خاندانوں کی مدد ہوسکے ۔ وقف کمشنریٹ بن سکے ۔ وقت کی آمدنی سے مسلمانوں کی فلاح و بہبود ہوسکے ۔ اسکول ‘ کالجس اور دواخانوں کے ساتھ یونیورسٹی بن سکے ۔ یہ ان کے عزائم اور منصوبے ہیں اور مخالفین نہیں چاہتے کہ مسلمانوں کا فائدہ ہو اور ان کی فلاح و بہبود ہو اسی لئے انہیں ہرانے کیلئے ہر طرح کی سازشیں کی جا رہی ہیں لیکن یاقوت پورہ کے عوام نے ان سازشوں کو ناکام بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرینگے ۔