جسٹس راجندر مال لودھا سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس

نئی دہلی۔27اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) جسٹس راجندر مال لودھا نے آج 41ویں چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے حلف لیا ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے 64سالہ جسٹس لودھا کو یہ حلف دلایا جو جسٹس (ریٹائرڈ) پی ستھاسیوم کی جگہ لیں گے جو 9ماہ بعد اس عہدہ سے سبکدوش ہورہے ہیں ۔ راشٹرپتی بھون کے دربار ہال میں منعقدہ ایک مختصر تقریب میں نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ‘ وزیراعظم منموہن سنگھ اور چند مرکزی وزراء کے علاوہ سبکدوش اور موجودہ ججس ‘ بار کے ارکان اور جسٹس ستھاسیوم موجود تھے ۔اس تقریب میں کسی بھی اپوزیشن لیڈر نے شرکت نہیں کی ۔ جسٹس لودھا نے خدا کے نام پر حلف لیا اور اُن کی میعاد صرف پانچ ماہ کیلئے ہوگی، کیونکہ جاریہ سال 27ستمبر کو وہ سبکدوش ہونے والے ہیں۔