جرمنی ہندوستان کو 2018میں ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے 765 ملین کی مدد دے گا

نئی دہلی، 29نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) چھ دہائی قدیم ہند۔ جرمنی ترقیاتی تعاون کے حصہ کے طور پر جرمنی ہندوستان میں اسمارٹ سٹی اور کلین گنگا سمیت مختلف ترقیاتی پروگراموں کے لئے 2018میں 765 ملین یورو کی مدد دے گا۔ہندوستان میں جرمن سفیر ڈاکٹر مارٹن نئے نے آج یہاں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ا ن کا ملک ہندوستان کو ترقیاتی تعاون کے زمرے کے تحت مختلف پروجیکٹوں کے لئے امداد دے رہا ہے جن میں بھونیشور، کوئمبٹور اور کوچی میں اسمارٹ سٹی کی تعمیر نیز گنگاکی صفائی کا مشن شامل ہے ۔ڈاکٹر نئے نے مزید کہا کہ 2018میں دونوں ملکو ں کی مابین تعاون کو خصوصی اہمیت حاصل ہے کیوں کہ اس سال دونوں ممالک باہمی ترقیاتی تعاون کی ساٹھویں سالگرہ منارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک جن دیگر اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو آگے بڑھارہے ہیں ان میں پائیدار توانائی شامل ہے ۔ جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی اور ہندوستان صرف ترقیاتی پارٹنر ہی نہیں بلکہ سیاسی شعبے میں بھی ایک دوسرے کا تعاون کررہے ہیں۔ بہت سے عالمی امور پر دونوں ملکوں کے نظریات اور موقف یکساں ہیں اور دونوں ممالک اقو ام متحدہ میں اصلاحات اور سلامتی کونسل کے اراکین کی تعداد میں توسیع چاہتے ہیں اور اس میں ایک دوسرے کا تعاون کررہے ہیں۔اس موقع پر جرمن وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون کی ایشیاء ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر کلاوڈیا وارننگ نے بھی نامہ نگاروں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی ہندوستان کو پائیدار توانائی کے فروغ ، کاربن کے اخراجات کو کم کرنے ، بایوڈائیورسٹی کے تحفظ اور لوگوں کے لئے بہتر طرز رہائش کے فروغ کے مختلف پروجیکٹوں میں مدد کررہا ہے ۔جرمن سفیر نے گنگا کی صفائی میں اپنے ملک کے تعاون کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمار ے پاس اس طرح کی ندی کی صفائی کا تجربہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہندوستان کے لوگ گنگا کو اپنی ماں مانتے ہیں اسے طرح جرمنی کے لوگ رائن ندی کو باپ کا درجہ دیتے ہیں۔ ایک زمانے میں رائن ندی بھی انتہائی آلودہ تھی لیکن جرمن حکومت نے اسے صاف ستھرا بنادیا لہذا ہم اپنے اس تجربہ سے ہندوستان کو فائدہ پہنچاسکتے ہیں۔