جرمنی کے ریلوے اسٹیشن پر حملہ آور نے 9 افراد کو زخمی کردیا

ڈیسلڈرف (جرمنی) ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک ذہنی طور پر بیمار شخص نے جرمن کے اہم اسٹیشن ڈیسلڈرف پر 9 افراد کو کلہاڑی کا وار کرکے زخمی کردیا۔ قبل ازیں پولیس نے بیان دیا تھا کہ حملہ میں ایک سے زائد حملہ آور ملوث تھے، جن میں سے دو کو گرفتار کرلیا گیا۔ تاہم بعدازاں بیان میں تبدیلی کرتے ہوئے یہ بتایا گیا کہ صرف ایک شخص ہی حملہ کا ذمہ دار ہے جس کی عمر 36 سال بتائی گئی اور اس کا تعلق سابق یوگوسلاویہ سے بتایا گیا۔ زخمیوں کی تعداد بھی قبل ازیں پانچ بتائی گئی تھی۔ تاہم اس میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے زخمیوں کی تعداد 9 بتائی گئی۔ فی الحال پولیس کی بھاری جمعیت کو اسٹیشن پر تعینات کیا گیا ہے جن میں پولیس کے خصوصی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
برلن ایرپورٹ کے زمینی ملازمین کی ہڑتال، سینکڑوں پروازیں منسوخ
برلن ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تنخواہوں میں اضافہ کو لیکر برلن ایرپورٹ کے گراؤنڈ اسٹاف کے ہڑتال پر چلے  جانے سے سینکڑوں پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا۔ جرمنی کے دارالخلافہ میں واقع مشہور ٹیگل ایرپورٹ سے 455 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ شون فیلڈ ایرپورٹ جو شہر کے نواحی علاقہ میں واقع ہے، 204 پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔ دریں اثناء Ver.di یونین نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 2000 زمینی اسٹاف نے صبح 4 بجے سے کام کا بائیکاٹ شروع کردیا، جس کا سلسلہ ہفتہ کے روز صبح 5 بجے تک جاری رہے گا جس کے ذریعہ آجرین پر دباؤ ڈالا جارہا ہیکہ ان کی تنخواہوں پر نظرثانی کی جائے۔