جان کیری کا دورے آئی آئی ٹی ، طلبہ سے بے حد متاثر

نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ امریکہ جان کیری نے انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی آئی آئی ٹی کے لیباریٹریز کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ ’’بے حد پرجوش اور بہترین‘‘۔ انہوں نے طلبہ کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا۔ جان کیری پانچویں ہند ۔ امریکہ دفاعی مذاکرات کے سلسلہ میں یہاں آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے پروگرام میں سے وقت نکال کر اپلائیٹ مائیکرو بیالوجی لیباریٹری اور بائیو پراسیس لیباریٹری کا دورہ کیا۔ ڈائرکٹر آئی آئی ٹی دہلی پروفیسر آر کے شیوگاونکر نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ نے خاص طور پر کہا تھا کہ جان کیری لیباریٹریز دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایک طالب علم نے انہیں تحقیقی پراجکٹ برائے بائیو ڈی گریڈیبل پلاسٹک کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ اس پر جان کیری نے اسے بے حد ولولہ انگیز قرار دیا اور کہا کہ یہ دنیا کیلئے ایک زبردست تحفہ ہے۔ جو انتہائی ولولہ انگیز اور حیرت انگیز ہے۔ سنال گپتا نے جو پراجکٹ کا ایک حصہ ہے ، کہا کہ کیری کے ادارہ کا دورہ کرنے پر انہیں فخر ہے۔ جان کیری نے لیباریٹری کا بھی دورہ کیا جہاں الجی استعمال کرکے پانی صاف کیا جاتا ہے۔