ثانیہ کی اولمپک میں بوپنا کیساتھ جوڑی

نئی دہلی 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کھلاڑی لینڈرپیس کو اُن کے کیرئیر میں ساتویں اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے جیسا کہ آج آل انڈیا ٹینس اسوسی ایشن (اے آئی ٹی اے) نے انھیں روہن بوپنا کے ساتھ ریو اولمپکس کے مرد زمرہ کے ڈبلز میں شرکت کا موقع فراہم کیا ہے حالانکہ بوپنا نے گزشتہ روز اپنی خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ سکت مینائی کے ساتھ ریو اولمپکس میں شرکت کے خواہاں ہیں۔ اولمپکس کے لئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب 5 اگسٹ کو شروع ہونے والے ریو اولمپک میں ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بوپنا کے ساتھ مکسڈ ڈبلز میں شرکت کریں گی۔ اے آئی ٹی اے کے صدر انیل کھنہ نے کہا ہے کہ بوپنا اور پیس کی جوڑی بنائی گئی ہے جبکہ خاتون زمرہ کے ڈبلز مقابلہ میں دنیا کی نمبر ایک ڈبلز ٹینس اسٹار ثانیہ کی ساتھی کھلاڑی پررتھنا تمبورے ہوں گی۔ جیسا کہ اُمید کی جارہی تھی کہ اے آئی ٹی اے بوپنا کی مینانی کے ساتھ جوڑی بنانے کی درخواست مسترد کرے گا اور نتیجہ ایسا ہی ہوا جس پر انیل کھنہ نے کہاکہ ریو میں ہندوستان کی میڈلس جیتنے کی اُمیدیں پیس کے ساتھ جوڑی بنانے پر ہی ہے کیوں کہ رواں ماہ انھوں نے فرنچ اوپن کا مکسڈ ڈبلز خطاب بھی حاصل کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ بوپنا نے سلیکشن کمیٹی کو مینانی کے ساتھ جوڑی بنانے کی وجوہات بتائی تھیں لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی واضح کردیا تھا کہ وہ ملک کی نمائندگی کرنے کے خواہاں ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ بوپنا نے گزشتہ روز اے آئی ٹی اے کو ایک مکتوب روانہ کیا تھا جس میں انھوں نے مینانی کے ساتھ جوڑی بنانے کی خواہش کی تھی۔ واضح رہے کہ لینڈر پیس اور بوپنا کی جوڑی 4 مرتبہ ڈیوس کپ میں شرکت اور 2-2 کا ریکارڈ رکھتی ہے۔