تملناڈو میں تشدد کیلئے سنگھ اور بی جے پی ذمہ دار

اسٹار لائٹ پلانٹ کیخلاف احتجاجیوںپر فائرنگ افسوسناک : راہول
نئی دہلی،23مئی (یو این آئی) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے تملناڈو کے توتی کورین ضلع میں ملٹی نیشنل کمپنی ویدانتا کے اسٹارلائٹ تانبا پلانٹ کی مخالفت کررہے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آج کہاکہ تشدد کے لئے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ذمہ دار ہے ۔ راہول گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ سنگھ اور بی جے پی تمل لوگوں کی آواز دبا رہی ہیں۔ کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ حکومت سنگھ کے نظریات کو قبول نہیں کرنے والے لوگوں کو قتل کرا رہی ہے ۔ توتی کورین میں پلانٹ سے ہورہی آلودگی کی مخالفت کررہے مظاہرین اور پولیس کے مابین تصادم میں گیارہ لوگ مارے گئے ہیں اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔ راہول گاندھی نے تمل زبان میں کئے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ تملوں کو قتل کیا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے سنگھ کے نظریات کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا۔ سنگھ اور مودی کے حامی تمل لوگوں کے جذبات کو دبا نہیں سکتے ۔ تمل بھائی اور بہنوں ، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ اس سے پہلے راہول گاندھی نے بھی مظاہرین کے مارے جانے کو حکومت اسپانسرڈ قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کے ذریعہ تملناڈو کے اسٹار لائٹ یونٹ میں 9لوگوں کا گولی مارکر قتل کرنا حکومت اسپانسرڈ دہشت گردی کی بے رحمانہ مثال ہے ۔ مظاہرین اپنے ساتھ ہورہی ناانصافی کی مخالفت کررہے تھے ۔