تمام محکمہ جات بد عنوانی رشوت خوری سے متاثر

صرف محکمہ ریونیو کو نشانہ بنایا جانا غلط ،ضلع تحصیلدار سنگھم
کریم نگر 30 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کریم نگر میں ریونیو شعبہ میں برسر خدمت بدعنوان ملازمین کے خلاف محکمہ انسداد رشوت ستانی کی کارروائی کے بعد شعبہ ریونیو پر ایک طرح سے بدنامی کا ٹھپہ لگ گیا ہے ۔ اس کی وجہ سے دیگر سرکاری شعبوں میں برسر خدمت ملازمین میں بد حواسی اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔ ضلع تحصیلدار سنگھم نے ایک بیان میں کہا کہ ریونیو عہدیداروں کے مطابق بد عنوانی ،رشوت خوری کم و بیش ہر محکمہ بلکہ محکمہ جات میں بہت زیادہ پائی جاتی ہے جبکہ دوسرے محکمہ جات کو نظرانداز کردیا جارہا ہے اور یہ ایک منصوبہ بند سازش دکھائی دے رہی ہے ۔ ضلع تحصیلدار سنگھم نے کہا کہ بروز جمعہ کلکٹر آفس میں منعقدہ اجلاس میں کلکٹر کی جانب سے دی گئیں ہدایات کا غلط مطلب اخذ کرتے ہوئے یہ سمجھ لیا گیا کہ محکمہ ریونیو میں رشوت ستانی بد عنوانی عروج پر ہے ۔ اس کے سبب محکمہ ملازمین میں ایک قسم کی بے چینی اور سراسمیگی پائی جاتی ہے ۔ سنگھم نے کہا کہ نچلی سطح کے ملازمین کی غیر اطمینان بخش کارکردگی کی وجہ تمام محکمہ ریونیو کو مورد الزام نہیں ٹہرایا جاسکتا اور محکمہ کو شک کی نظر دیکھنا غلط ہے ۔