تلنگانہ کے یوم تاسیس تقاریب کے انعقادکیلئے وسیع تر انتظامات

کریم نگر۔/29 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کے انعقاد کیلئے وسیع تر مناسب انتظامات کئے جائیں۔ کلکٹر سرفراز احمد نے کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں منعقدہ اجلاس میں عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس تقریب میں ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ موسم گرما کی شدت کے مدنظر طلباء و طالبات کیلئے تہذیبی پروگرام نہ رکھے جائیں ۔ تاہم فنکاروں کیلئے ایک دو تہذیبی پروگرام رکھے جانے کے احکامات دیئے۔ سرکاری دواخانوں اور آشرم میں مریضوں اور بوڑھے عمر رسیدہ افراد میں پھل اور مٹھائی تقسیم کی جائے اور عہدیداروں کو حکم دیا کہ وہ خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کرتے ہوئے اس میں اپنا خون بطور عطیہ دیں۔ اس موقع پر ضلع ریونیو آفیسر بھکشا نائیک ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، کمشنر مجلس بلدیہ بھدریا، وزیر زراعت سری دھر، بنڈی سرینواس و دیگر شریک تھے۔